(ممتاز طلبہ وطالبات کا گروپ فوٹو)
مہنداول،سنت کبیرنگر: بچوں اور بچیوں میں ناظرہ قرآن کی اصلاح اور درستگی کے لئے جامع مسجد دھوبہا،سانتھا کے امام و خطیب مولانا عبدالحلیم قاسمی نے مسابقہ قرآن مجید ناظرہ کا اہتمام کیا۔جس میں علاقہ کے 24/مکاتب و مدارس اور اسکولوں کے دو دو بچوں نے حصہ لیا،جس میں اول ،دوم،سوم پوزیشن لانے والے طلبہ و طالبات کو نقد انعامات سے نوازا گیا،اور سبھی مسابقہ میں شرکت کرنے والے بچوں کو ایک عدد قرآن مجید،آئینہ نماز کاپی اور قلم سے نوازا گیا۔سبھی شرکت کرنے والے طلبہ انعام پاکر خوش تھے۔پروگرام کا آغاز حافظ ومولانا اطہر کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا،بارگاہ رسالت میں حمدومنقبت کا نذرانہ معروف شاعر فخرالاسلام نے پیش کرکے لوگوں کی داد و تحسین حاصل کی۔اس موقع پر مولانا عبدالحلیم قاسمی نے کہاکہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ پرائمری درجات میں ناظرہ کی معیاری تعلیم ہو،مسابقہ میں حصہ لینے والے سبھی طلبہ قابل مبارکباد ہیں،سبھی لوگ اپنے اندر مزید حوصلہ پیدا کرکے آگے بڑھنے کی کوشش کریں ،کامیابیاں قدم بوس ہونگی،معروف حفظ و قرات کے قاری قاری محمد نعیم نے کہاکہ مسابقہ ناظرہ قرآن کی طرح معلمین کے لئے تربیتی کیمپ کا بھی اہتمام ہونا چاہئے،اسی طرح سے منتظمین کے لئے بھی تربیتی کیمپ کا اہتمام ہونا چاہئے،جس سے مدارس کے منتظمین کا رویہ اساتذہ کے لئے مثبت اور بہتر ہوں اور اساتذہ خوشگوار ماحول میں تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے سکیں۔
مدرسہ تعلیم القرآن امتھری کے منتظم مولانا ابو الوفاء ندوی نے کہاکہ مسابقہ جیسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے،جو کوئی پہل کررہا ہے،اس کا ساتھ دے کر خیرخواہ بننا چاہئے،نہ کہ کمیاں نکال کر کسی مہم کا سر کچلا جائے۔کمیاں نکالنے والے افراد اصلاح کے بجائے فساد برپا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر یار محمد،مولانا محمود الحق قاسمی،حافظ اسجد جمالی،مولانا حفیظ الرحمٰن قاسمی،سعید احمد،سبو بھائی،حافظ عبدالمعید،حاجی عبدالقدوس،مولانا عبدالہادی،فیروز احمد،جمال احمد سمیت سرکردہ لوگ موجود رہے۔
