قدیم شہر کے رہائشیوں اور کاروباریوں کا بلدی چیرمین کے علاوہ وزیر بلدیہ رحیم خان سے بھی مطالبہ
بیدر۔ 15؍مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری): شہر بیدر میں مچھروں کی بہتات ہوچکی ہے۔ لیکویڈ، مچھربتی اور تیز پنکھے چلانے پر بھی مچھرجانہیں رہے ہیں ۔ بلکہ دھیرے دھیرے حملہ آور ہوکرگھر میں سونے نہیں دیتے اور کاروبارکے دوران گاہکوں پر حملہ آور ہورہے ہیں۔ارباب مجاز سے گزارش ہے کہ وہ مچھرکش ادویات چھڑک کرعوام کومچھروں سے ہونے والی بیماریوں سے بچائیں۔ یہ مطالبہ عثمان گنج کے بیوپاریوں نے کیاہے۔ اسی طرح مختلف محلہ جات گولہ خانہ، پتال نگری، نورخان تعلیم اور تعلیم صدیق شاہ کے رہنے والوں نے بلدیہ بیدر کے چیرمین جناب محمد غوث سے اپیل کی ہے کہ وہ مچھرکش ادویات کاچھڑکاؤکراتے ہوئے ہمیں اور ہمارے بچوں کو مختلف قسم کی بیماریوں سے بچائیں۔ تعلیم صدیق شاہ (ایم آرپلازا) کے کاروباریوں نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ ان کے سامنے کی نالی کو صاف کئے ہوئے 5سال سے زائد کا عرصہ ہوچکاہے۔ جس کی بدولت وہاں خطرناک قسم کی گیس جمع ہوچکی ہے۔ جو وقتاً فوقتاً خارج ہوتی رہتی ہے۔ اگر اس گیس سے ہمیں اور وہاں سے گزرنے والے راہگیروں کو نہ بچایاگیاتو کہہ نہیں سکتے کہ کیاہوگا۔ جب کہ بازو ہی ریلائنس کا اسمارٹ بازار ہے۔ توقع ہے کہ بلدیہ بیدر کے ارباب مجاز اور بلدیہ کے وزیر جناب رحیم خان اس طرف فوری توجہ دیتے ہوئے قدیم شہر میں صفائی ستھرائی کے ساتھ مچھر کش ادویات بھی چھڑکائیں گے۔
واضح رہے کہ گاوان چوک سے گرلز ہائی اسکول تک رمضان کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب کاروبار آگئے ہیں ۔ جس کی وجہ سے گاہک بڑھ گئے ہیں۔ خصوصاً خواتین اپنے شیرخوار بچوں کے ساتھ گاوان چوک تا گرلز ہائی اسکول ، کپڑلین اور درزی گلی میں رمضان اور عید کی خریداری کرتی نظر آرہی ہیں۔ یہاں کی تمام جگہوں پر بھی مچھر کش ادویات ضرور ی ہیں۔ یہ قدیم شہر کی عوام کامطالبہ ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ جنا ب محمد غوث (بلدیہ چیرمین )اور جناب رحیم خان(وزیر بلدیہ) گاہک خواتین اوران کے شیرخوار بچوں کو مچھروں سے بچاتے ہیں یا غفلت کی نیند سوتے ہیں ؟
