بیدر۔ 21؍مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری): جناب سید سرفراز ہاشمی اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اِمسال بھی مفت سحری کاانتظام مکی مسجد ، نزد شاہ گنج کمان بیدر پرکئے جانے کی اطلاع ہے۔ ایڈوکیٹ سید سرفراز ہاشمی کے ایک فیس بک اکاؤنٹ کے مطا بق450روزہ دار طلبہ وطالبات اور ملازمین اس ’’سحری سنٹر‘‘ سے روزانہ استفادہ کرتے ہیں۔اس فیس بک اکاؤنٹ پر طلبہ کے ویڈیوکلپ بھی ہیں۔ ایک ویڈیوکلپ میں طلبہ بتارہے ہیں کہ وہ مولانا آزاد بی ایڈ کے طلبہ ہیں۔انھیں عادل سر اور سرفرازہاشمی ہر دن سحری کے لئے کھانا پہنچاتے ہیں۔ ہم ان کاشکریہ اداکرتے ہیں۔ ایک طالب علم بتاتاہے کہ ہمیں نیند سے بیدار ہوکر سحری بناناپڑتاتھااب نہیں بنانا پڑتا۔ ایک اور طالب علم بتارہاہے کہ پچھلے سال بھی اور امسال بھی سرفرازہاشمی کے دوارا(ذریعہ )ہم سحری کرتے ہیں ۔ کھانا لذیذ ہے۔ غالباً یہ سبھی طلبہ شمالی ہند(بہار) کے ہیں۔ ایک طالب علم کہتاہے ، کھانے سے پیٹ بھرجاتاہے ۔سحری کرنے میں ہمیںآرام اور اطمینان ہوتاہے۔ بہرحال ہمارے شہربیدر میں کچھ ایسے بھی سیاست دان ہیں،جو ہرسال ایک دن روز ہ افطا رکرواکر سیاسی شہرت حاصل کرلیتے ہیںاور اسی میں شہر بیدر کے مسلم ووٹر بھی خوش ہیںکبھی مطالبہ نہیں کرتے کہ سیاست دان صاحب ، بیدر اسمبلی حلقہ کے گاؤں کی مساجد میں بھی افطار کروائیں لیکن مسلسل ایک ماہ تک طلبہ وطالبات کی رہائش گاہوں تک کھانا بناکرروزانہ پہنچانے کااقدام عمدہ اور قابل ستائش ہے۔ سحری سے استفادہ کرنے والے یہ طلبہ وطالبات جب اپنی اپنی ریاستوں کوواپس ہوں گے اور جہاں کہیں ملازمت کریں گے ،یہ تعاون کرنے والے افراد اور شہرِ اردو بیدر کوبھی یادرکھیں گے اور ضرور کہیں گے کہ کچھ دردمند نوجوان تھے جو انہیں رات کی تاریکی میں ماہ ِ رمضان میں سحری کیلئے مفت میں کھانا پہنچاتے تھے۔اوراس طرح ہماری تعلیم اور ہمارے امتحانات کے دوران ہماری بے لوث مددکیاکرتے تھے۔ جناب سید سرفرازہاشمی اور ان کے ساتھیوں کا یہ اقدام قابل تقلید اور تعاون عمل پر ابھارنے والا ہے۔دیگر کالجس کے ضرورت مند طلبہ وطالبات،اور عام افرادمفت سحری کیلئے 8548924106 / 9036112365 / 9886683786 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اہل خیرحضرات کو بھی تعاون عمل کیلئے دست تعاون دراز کرناچاہیے۔
