بیدر۔25؍مارچ (راست): بیدر کے غیرمسلم وکلاء میں قرآن مجید کی بے انتہاء طلب دیکھی گئی ۔ خصوصیت کے ساتھ کنڑی زبان میں قرآن مجید طلب کرتے رہے لیکن تب تک کنڑی ترجمہء قرآن کے نسخہ ختم ہوچکے تھے۔ جناب محمدنعیم الدین چابکسوار (بسواکلیان) نے بتایاکہ آج بیدر کی عدالت میں نوجوان ایڈوکیٹ جناب عبدالرازق نٹورکر نے دعوتِ افطار کااہتما م کیاتھا۔ اس موقع پر اعلان کیاگیاکہ جس کسی قانون داں کو ترجمہء قرآن مجید چاہیے وہ تحفتہً حاصل کرسکتاہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی 60سے زائد مردوخواتین وکلاء نے ہندی ، انگریزی ، اورکنڑی میں ترجمہ ء قرآن مجید حاصل کیا۔
کنڑی ترجمۂ قرآن کے چاہنے والوں کی کثیر تعداد رہی ۔ 6وکلاء نے علیحدہ سے اپنے نام درج کروائے انھیں کنڑی زبان میں قرآن مجید مطلوب ہیں۔ اسی طرح ایک وکیل صاحب نے ہندی میں قرآن طلب کیا۔اس قرآن مجید کو تقسیم کرنے والوں میں محمد یوسف رحیم بیدری ، محمد نعیم الدین چابکسوار(بسواکلیان)، محمد عمران خان (فراست علی ) اورمحمد سلطان فوٹوگرافر شامل رہے۔
