بیدر۔6؍اپریل(محمدیوسف رحیم بیدری): جناب محمد نبی قریشی صدر قریش کانفرنس (رجسٹرڈ) کرناٹک کی پریس نوٹ کے بموجب بیدر میں واقع ایس ایم ہنگارگی فنکشن ہال روبرو ڈی سی سی بنک بیدرمیںقریش کانفرنس بیدرکا 12؍اپریل کو ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوگا ۔اس اجلا س میں ریاست کرناٹک میں قریش برادری کے بنیادی حقوق اور ان کی کاروباری برادری پر ہونے والے مظالم کے خلاف قریش برادری کے بنیادی حقوق کے حوالے بات ہوگی ۔یہ قریش کانفرنس کا تیسرا قومی کنونشن ہوگا جو بیدر میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ جس میں کچھ تجاویز بھی لائی جائیں گی جن کے ذریعے حکومت سے مطالبات کیے جائیں گے۔ کنونشن میں ملک کی مختلف ریاستوں دہلی، راجستھان، مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، اتر پردیش، تلنگانہ، گجرات اور دیگر ریاستوں سے لوگ شرکت کریں گے۔ اس کنونشن کا مقصد پورے ہندوستان کی کمیونٹی کو متحد کرنا اور کمیونٹی میں پھیلی سماجی برائیوں کو ختم کرنا، تعلیم کو فروغ دینا اور کاروبار کے تحفظ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا ہوگا۔ اس کنونشن میں جناب محمد رحیم خان صاحب (وزیر بلدیات نظم و نسق و حج امور کرناٹک حکومت)، مسٹربنڈپا قاسم پور صاحب (سابق وزیر کرناٹک حکومت)، جناب ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب (چیئرمین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس) مہمان خصوصی ہوں گے۔ جناب محمد مسعود احمد صاحب صدر عام آدمی فورم (این جی او)) مہمان خصوصی ہوں گے۔ تیسرے قومی کنونشن کی صدارت قریشی کانفرنس کے قومی صدر ایڈوکیٹ جناب صنوبر علی قریشی کریں گے۔ کنونشن میں جو اہم قراردادیں لائی جائیں گی وہ حسب ذیل ہیں۔1۔کرناٹک حکومت جنوری 2021 کے کرناٹک بیف پر پابندی کے قانون کو واپس لے اور 1964 کے قانون کو نافذ کرے۔2۔تمام ریاستوں میں، حکومت کو چاہیے کہ ہر ضلع میں ضلع سطح پر جدید سلاٹر ہاؤسز بنائے، یا تو میونسپل کارپوریشن؍میونسپلٹی کی ملکیت والی اراضی پر، تاکہ کسی بھی ریاست میں لوگوں کو روزگار فراہم کیا جا سکے۔3۔مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ مرکزی اور ریاستی میٹ بورڈ بنائیں اور سنگل ونڈو سسٹم بنا کر متعلقہ افراد کے مسائل حل کریں۔4۔کرناٹک حکومت سے ریاستی سطح پر قریش برادری کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے گی۔اس سیشن میں سپریم کورٹ آف انڈیا کے وکلاء بحث کریں گے کہ ان نکات پر آئین کیا کہتا ہے۔ کرناٹک کے ریاستی صدر محمدنبی قریشی کی جانب سے پروگرام کی تمام تیاریاں پوری قوت کے ساتھ کی جارہی ہیں اور ملک بھر میں اس کی تشہیر کی جارہی ہے۔اس بات کی اطلاع نبی قریشی کے ذرائع نے دی ہے۔

