اٹوا(سدھارتھ نگر): بزم ارباب ادب اٹوا کی 98ویں طرحی نشست جناب ارشد اقبال صاحب کی صدارت اور سید عزیز الرحمان عاجز کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر نیز شب میں آن لائن، منعقد ہوئی۔ قرب و جوار اور دور دراز کے شعراء نے اپنے اپنے کلام پیش کیے، منتخب اشعار اردو دوست ، ادب نواز ، باذوق قارئین کی نذر ہیں:
یہ کم نہیں ہے عیادت کو لوگ آتے ہیں
مریضِ عشق کی کوئی دوا نہیں نہ سہی
ارشد اقبال
ملے گی تم کو سزائیں جمال قدوسی
یہ بات اور تمہاری خطا نہیں نہ سہی
جمال قدوسی
برہنہ ہونے نہیں دیتی رنگ کی تہذیب
گلوں کے جسم پہ کوئی قبا نہیں نہ سہی
ڈاکٹر ایاز اعظمی
تمام شہر مرا احترام کرتا ہے
وہ ایک شخص مجھے جانتا نہیں نہ سہی
ہدایت اللہ خان شمسی
یقین ہے مجھے آۓ گی آسماں سے مدد
جہان والوں کی حاصل رضا نہیں نہ سہی
سید عزیز الرحمان عاجز
وطن کو ہم نے کئی بار خوں سے سینچا ہے
تمہارے خون میں بوۓ وفا نہیں نہ سہی
التجا حسین نور صدیقی
لہو لہان چمن کے سبھی ہیں گل بوٹے
ہے باغبان میں غیرت، حیا نہیں نہ سہی
ظہیر رحمانی
ہمارے واسطے کافی ہے اک نظر اس کی
وہ پہلے جیسی بھلے ہی ادا نہیں نہ سہی
جمال اجمل
جنوں کی حد سے سوا چاہتا ہوں میں اس کو
الگ یہ بات وہ مجھ پر فدا نہیں نہ سہی
عباس شاداب
لڑیں گے آخری دم تک حقوق کی خاطر
ہمارے حق میں ہوا فیصلہ نہیں نہ سہی
جنید فرہاد لٹیاوی
ہمیں وہ اپنا سمجھ کر ہی کچھ لکھا ہوگا
وہ حرفِ شوق وہ سوز و ادا نہیں نہ سہی
عبدالمبین مبیں ایس نگری
ان کے علاوہ جناب عبدالرب جوہر، شکیل ضاغط نے بھی کلام پیش کیے۔ اس موقع پر عباس چودھری وغیرہ خاص طور سے شریک رہے۔

