قومی و ملی شخصیت احمد سعید حرف سے ملاقات، 2027 اسمبلی انتخابات پر مشاورت
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): کرسی 266 اسمبلی حلقہ کے سرگرم سیاسی رہنما اور سابق بلاک پرمکھ یاسر عرفات قدوائی ان دنوں حلقے میں زبردست عوامی رابطہ مہم چلا رہے ہیں۔ ہر روز نئے علاقوں کے دورے، کارنر میٹنگز اور معزز شخصیات سے ملاقاتوں کے ذریعے وہ اپنی سیاسی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے میں مصروف ہیں۔
یاسر عرفات قدوائی کا تعلق وکاس کھنڈ مسولی کے گرام پنچایت بھیارا سے ہے۔ عوامی خدمت ان کے خاندانی ورثے کا حصہ ہے۔ ان کے چچا عبدالرؤف قدوائی دو مرتبہ مسولی بلاک کے بلاک پرمکھ رہ چکے ہیں۔ خود یاسر عرفات بھی ماضی میں بہوجن سماج پارٹی سے اسمبلی امیدوار کے طور پر میدان میں آ چکے ہیں اور 2016 میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے بلاک پرمکھ کی حیثیت سے بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔
آنے والے اسمبلی انتخابات 2027 کے پیش نظر وہ سماج وادی پارٹی سے ٹکٹ کے مضبوط دعوے دار کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ نہ صرف عوام سے براہِ راست میل جول بڑھا رہے ہیں بلکہ سیاسی و سماجی شخصیات سے بھی مشورے کر رہے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے فتح پور قصبہ کی ممتاز قومی، ملی و سماجی شخصیت احمد سعید حرف سے ملاقات کی، جہاں آئندہ انتخابات کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں سیاسی منظرنامے اور عوامی امنگوں کو مرکزی موضوع بنایا گیا۔
اس موقع پر متعدد معزز افراد بھی موجود تھے، جن میں حاجی اعجاز احمد انصاری، نگر پنچایت فتح پور کے رکن خورشید جمال، عقیق عرف پپو ملک، ایڈووکیٹ محمد اسلم، جاوید یوسف، موذن شیر علی، حافظ عبدالسلام، محمد سہیل، محمد اسلام سلمانی، محمد عقیل سلمانی، معراج احمد اور محمد خالد کے نام شامل ہیں۔
یاسر عرفات قدوائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف الیکشن جیتنا نہیں بلکہ علاقے کی ہمہ جہت ترقی، نوجوانوں کی رہنمائی اور محروم طبقات کی فلاح ہے۔ وہ سیاست کو عوامی خدمت کا موثر ذریعہ سمجھتے ہیں اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت کام کرتے رہیں گے۔

