حیدرآباد ۔ 19؍جون (سخاوت علی نظامی): حیدرآباد پولیس نے اسکول بس سیفٹی ڈرائیور چیک کیا، کئی کئی اسکولوں کے بس ڈرائیور شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس کا ذمہ دار اسکول انتظامیہ ہے یا سرپرست حضرات ؟آخر کون ہے ؟طلبہ وطالبات کی زندگی سے اس طرح کاکھلواڑ کب تک ہوتا رہے گا۔ وقت کی اہمیت کو جانیں اور خواب غفلت ولاپروائی سے باہر نکلیں، یہ غفلت دراصل اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنے کے متراد ف ہوگی۔ زندگی ایک نعمت ہے اور بچے اس نعمت کامظہر۔ اسکول ڈرائیورکا شراب پی کر گاڑی چلانے سے طلبہ وطالبات کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔کسی بھی وقت طلبہ وطالبات (اور خود ڈرائیور) ایک بڑے حادثہ کا شکار ہوسکتے ہیں۔ طلبہ کواسکول بس کے ذریعہ اسکول روانہ کرنے سے قبل اسکول انتظامیہ سے ڈرائیور سے متعلق جانکار ی حاصل کرناضروری ہے کہ کہیں وہ نشہ کی حالت میں اسکول بس ؍اسکول ویان تو نہیں چلاتاہے ؟طلبہ کے سرپرستوں کو اس معاملے میں چاق وچوبند اورمستعیدرہنے کی اشدضرورت ہے۔ اسکول بس سیفٹی ڈرائیورمہیاکروائیں تو بہتر ہوگا ورنہ ایسے اسکولوں میں اپنے بچوں کاداخلہ ہر گز نہ کروائیں۔ یہی ایک واحد راستہ ہے جس کے ذریعہ ہمارے لاڈلے طلبہ وطالبات کی زندگی محفوظ رہ سکتی ہے۔

