منااکھیلی۔ 28؍اگست (قدیر لشکری): بیدر جنوب اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے ڈاکٹر شیلندر بیلداڑے نے بارش کی وجہ سے چٹہ روڈ پانی میں ڈوب جانے کے بعد عہدیداروں کے ساتھ اس جگہ کا دورہ کیا۔بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گمپاراستے پر واقع 5 ؍کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک اور ایک کروڑ روپے کی لاگت سے پل کے کام شروع ہو چکے ہیں۔ بقیہ سڑک کی تعمیر کے لیے 9 کروڑ روپے درکار ہیں، میں نے متعلقہ محکمے کے وزیر کو تجویز پیش کر دی ہے، گرانٹ جاری ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔پہلے بارش کے پانی کے قدرتی بہاؤ کے لیے ایک بڑی نہر (کالوے) کا انتظام کیا جاتا تھا لیکن اب اس نہر پر آس پاس کے اراضی مالکان اور لے آؤٹ مالکان نے تجاوزات کر رکھی ہیں۔ یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے، اس لیے میں نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ نہر کے نقشے کی جگہ کی نشاندہی کریں، تجاوزات کونکال پھینکیں اور بارش کے پانی کے بہاو کے لیے ایک ہفتے کے اندر انتظامات کریں۔ میں نے اسمبلی اجلاس میں ضلع میں شدید بارش سے ہونے والے نقصان کے بارے میں بات کی اور حکومت کو جلد از جلد معاوضہ جاری کرنا چاہیے۔ زیادہ بارش کی وجہ سے کارنجہ آبی ذخائر اوور فلو ہوگیا اور دریائے مانجرا میں طغیانی آگئی جس سے کافی مسائل پیدا ہوگئے۔ فصلوں کے نقصان کے علاوہ کئی مقامات پر سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر تباہ ہو گئے ہیں۔ کئی مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ اس لیے ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ ضلع کو فوری ہنگامی امداد فراہم کی جائے اور ضلعی انتظامیہ بھی جلد حکومت کو رپورٹ پیش کرے۔
