بیدر۔23 ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): جنگل، حیاتیات و ماحولیات کے وزیر اور بیدر ضلع انچارج جناب ایشور بی کھنڈرے نے کہا کہ اس علاقے میں کسانوں کی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے چلکی نالہ ذخائر کی ترقی کے لیے 175 کروڑ روپے کی ڈی پی آر رپورٹ تیار کی گئی ہے۔وہ پیر کو ہلسور تعلقہ میں چلکی نالہ آبی ذخائر کا دورہ کرنے اور معائنہ کرنے کے بعد بات کررہے تھے۔
یہ آبی ذخائر مقامی کسانوں کے لیے امید کی کرن ہیںاور اگر پانی کا مناسب ذخیرہ کیا جائے تو ممکن ہے کہ 70 فیصد سے زائد زرعی اراضی کو سیراب کیا جاسکے۔ لیکن نہروں کی بھرائی اور تزئین و آرائش نہ ہونے کی وجہ سے یہ صرف بسواکلیان شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی تک محدود ہے۔ وزیر نے کہا کہ اگر اسے دوبارہ زندہ کیا جاتا ہے تو اس سے کسانوں کو بہت مدد ملے گی۔ انہوں نے ریونیو اور زراعت کے محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آبی ذخائر کے آس پاس کی تباہ شدہ فصلوں کا سروے کریں اور مناسب معاوضہ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سائرن سسٹم اور گیٹوں کی بحالی کا کام بھی فوری طور پر کیا جائے گا۔ 10 ہزار ایکڑ اراضی کی آبپاشی کی صلاحیت: وزیر موصوف نے یقین ظاہر کیا کہ اگر چلکی نالہ ریزروائر کا ترقیاتی کام مکمل ہو جاتا ہے تو اس کے آس پاس کی 10 ہزار ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہو جائے گی۔ اس موقع پر بسوا کلیان اسسٹنٹ کمشنر مکل جین، محکمہ زراعت کی جوائنٹ ڈائرکٹر دیویکا، محکمہ آبپاشی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سنتوش ماکا، تحصیلدار شیوانند میترے اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے