کوئی بچہ غربت کے سبب تعلیم سے محروم نہیں ہوگا: عبید الرحمن الحسینی

مہراج گنج: تعلیم کی شمع کو جلائے رکھنے اور علم کے چراغ کو روشن کرنے کے عزم کے ساتھ أنس ویلفیئر ٹرسٹ نے ایک تاریخی اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ ٹرسٹ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں زیرِ تعلیم ایک ہونہار طالب علم کی بی بی اے کلاس کی مکمل تعلیمی ذمہ داری اپنے سر لے کر یہ پیغام دیا ہے کہ غربت اب کسی بچے کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔

ٹرسٹ کے ذمہ داران کے مطابق اب اس طالب علم کی فیس، کتابیں اور دیگر تمام اخراجات أنس ویلفیئر ٹرسٹ برداشت کرے گا تاکہ وہ پوری یکسوئی اور اعتماد کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کر سکے۔

اس موقع پر صدر ٹرسٹ عبید الرحمن الحسینی نے نہایت ولولہ انگیز الفاظ میں کہا: "ہمارا مقصد صرف اور صرف فلاحِ عام اور خدمتِ انسانیت ہے۔ ہم یہ عزم لے کر میدان میں اترے ہیں کہ کوئی بچہ یا نوجوان غربت اور وسائل کی کمی کے باعث اپنی تعلیم سے محروم نہ رہے۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ہم اس حق کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "تعلیم ہی کامیابی کی سب سے بڑی کنجی ہے۔ اگر ایک بچہ پڑھ لکھ جائے تو نہ صرف اس کی زندگی سنورتی ہے بلکہ پورے سماج اور ملت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا سبب بنتی ہے۔ بدقسمتی سے آج بہت سے ہونہار طلبہ غربت کے باعث اپنی پڑھائی ادھوری چھوڑ دیتے ہیں۔ أنس ویلفیئر ٹرسٹ نے تہیہ کیا ہے کہ ہم ایسے طلبہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔”

صدر ٹرسٹ نے عوام سے پرجوش اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشن صرف ایک ٹرسٹ کی کوشش نہیں بلکہ پورے سماج کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اگر ہم سب مل کر تعاون کریں تو وہ دن دور نہیں جب ہمارے علاقے کا ہر بچہ تعلیم یافتہ ہوگا اور اپنے علم سے ملت کو نئی رفعتوں سے ہمکنار کرے گا۔
علاقے کے عوام نے أنس ویلفیئر ٹرسٹ کے اس جرات مندانہ اقدام کو بھرپور سراہا اور اسے ایک مثالی و تاریخی قدم قرار دیا۔ لوگوں نے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی میدان میں ایک نئی بیداری کی لہر پیدا کرے گا اور دوسرے اداروں کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے