دار العلوم ندوۃ العلماء میں تعزیتی جلسہ

مولانا نذیر احمد ندوی کی وفات سے پورا دار العلوم متأثر ہے ، وہ بنیادی طور پر معلم اور مدرس تھے ، جس کی خاطر وہ یکسو رہتے تھے ، اور کامیاب مدرس وہی ہوتا ہے جو طلباء کے معیار کے مطابق درس و تدریس کا فریضہ پوری پابندی سے انجام دیتا ہے ، ان خیالات کا اظہار دار العلوم ندوۃ العلماء کی مسجد میں اساتذۃ و طلباء دار العلوم کے سامنے مولانا نذیر احمد ندوی کے سانحہ ارتحال پر کیا ، مولانا نے مزید کہا :مولانا نذیر احمد ندوی کوعربی ، اردو ، انگریزی ، ہندی میں کمال حاصل تھا ، وہ بآسانی ان زبانوں میں گفتگو کرتے تھے ، اور اپنا پیغام پہونچاتے تھے ، مولانا ندوۃ العلماء کے بڑوں کے معتمد علیہ تھے ،عظیم مفکر اور صحافی مولانا سید واضح رشید حسنی ندوی سے انہوں نے خوب استفادہ کیا ، اور ان کی صفات سے متصف ہوئے، مولانا کے اندر تواضع کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا ، وہ ذکر و دعاء میں مشغول رہتے تھے ، وہ اللہ کی محبت سے سرشار تھے ، ان کی زندگی ایسی گذری جو مطلوب تھی ، یہی وجہ ہے کہ ان کا حسن خاتمہ کی دولت ملی ، دوتعلیمی گھنٹے بھی پڑھائے ، اور فجر اور ظہر کے درمیانی وقفہ میں وہ دنیا سے رخصت ہوگئے ۔
ندوۃ العلماء کے ناظر مولانا سید عمار حسنی ندوی نے کہا :مولانا نذیر احمد ندوی کی شخصیت جامع تھی ، وہ عجیب و غریب کمالات کے مالک تھے ، ان کو جامع اللغات کہا جا سکتا ہے ،عمید کلیۃ الدعوۃ والاعلام مولانا محمد خالد ندوی غازیپوری نے کہا : مولانا نذیر احمد ندوی اپنی صفات و کردار میں نذیر تھے ، اللہ نے ان کے اندر تدریس ، تصنیف ، خطابت اور تفہیم کا ملکہ ودیعت فرمایا تھا ، عمید کلیۃ اللغۃ العربیۃ مولانا محمد علاء الدین ندوی نے کہا :مولانا نذیر احمد ندوی ایک شریف النفس انسان تھے ، عربی زبان و ادب کے نوک پلک سے واقف تھے ، النادی العربی کے پروگراموں میں ان کی مؤثر شرکت ہوتی تھی ، ان کے ساتھ متعدد اسفار ہوئے ، جن سے ان کے کمالات کا اندازہ ہوا ۔
اس موقع پر اساتذۃ دار العلوم میں مولانا عبد القادر ندوی ، مفتی عتیق احمد بستوی ، مولانا عبد العزیز بھٹکلی ندوی ، مولانا مفتی نیاز احمد ندوی ، مولانا کمال اختر ندوی ، مولانا سلیم اللہ ندوی وغیرہ تمام طلباء موجود تھے ، تلاوت عدنان احمد متعلم دار العلوم ندوۃ العلماء نے کی ، اور نظامت کے فرائض مولانا سلمان نسیم ندوی نے انجام دئیے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے