ظہیرآباد 20/ اکتوبر (مشرقی آوازجدید): خدمت میچولی ایڈیڈ کوآپریٹیو سوسائٹی متحدہ میدک ضلع (خدمت میاکس) کا 14واں سالانہ جنرل باڈی اجلاس منکال بنکویٹ ہال ظہیرآباد میں شاندار پیمانے پر منعقد ہوا۔ جناب محمد اقبال حسین ڈائریکٹر سروت ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ خدمت میاکس بلا سودی سوسائٹی کے ذریعہ ایک عظیم انسانی خدمت انجام دے رہا ہے، جس کے تحت غریب، مستحق اور چھوٹے کاروباریوں کو بغیر سود کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے بلا سودی سوسائٹی کے نظم و ضبط اور کارگردگی، شفاف انتظام اور عملی کارکردگی کو پیشِ کرتے ہوئے کہا کہ خدمت میاکس ایک ایسی تحریک ہے جو انسانوں کو قرض کے جال سے نکال کر خود انحصاری کی راہ دکھا رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوسائٹی کی خدمات کو وسیع پیمانے پر عام کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس بلا سودی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ بطور مہمان اعزازی محمد اقبال محی الدین ممتاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر سروت ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن نے سوسائٹی کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خدمت میاکس کا مقصد صرف مالی سہولت فراہم کرنا نہیں بلکہ سماجی و معاشی طور پر کمزور طبقات کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاسودی نظام نہ صرف اسلامی اصولوں پر مبنی ہے بلکہ یہ سماجی مساوات کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ سب ڈویژنل پولیس آفیسر ظہیرآباد بی۔ سیدا نائیک نے بحیثیت مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوسائٹی کی خدمات کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ خدمت میاکس کے ذریعے جو مالی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں، یہ ادارہ عوامی فلاح و بہبود میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔
پروگرام کا آغاز برادر محمد حامد حسین کی تلاوت قرآن اردو اور تلگو زبان کی ترجمانی سے ہوا جبکہ پروگرام کی کارروائی محمد نصیرالدین نے چلائی اور محمد ایوب احمد کی اظہار تشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس اجلاس میں محمد رفیع الدین صدر بی ایم سی ظہیرآباد محمد اشفاق پٹیل صدر بی ایم سی سداشیو پیٹ، محمد امیر الدین صدر بی ایم سی میدک اور متعدد معزز شخصیات سمیت ضلع میدک کی سوسائٹیز کے عہدیداران، اسٹاف اور اراکین کی کثیر تعداد موجود تھی۔۔۔
