بیدر۔یکم نومبر(شاروق حسن قادری): ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے نے کہا کہ کنڑا زبان، ادب اور ثقافت کو فروغ دینا کرناٹک کے عوام کی سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔ ضلع پنچایت دفتر میں منعقدہ کنڑ اراجیہ اْتسو تقریب میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنڑ اصرف ایک زبان نہیں، بلکہ دنیا کی ایک قدیم اور ثقافتی طور پر مالامال زبان ہے۔انہوں نے کہا کہ کنڑا دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے اور یہ بھارت کی وہ زبان ہے جس نے آٹھ "گیان پیٹھ” ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ قومی شاعر کوئمپو کے الفاظ میں ’’کنڑ بہاؤ اور نرمی کی زبان ہے‘‘۔ وچارکوں، وچنکاروں اور داساؤں نے بھی اسے روحانیت اور فہم و دانش کی زبان قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے ہمیں بیدر ضلع پنچایت کو عوام دوست ادارہ بنانے کا عزم کرنا چاہیے۔ سرکاری فلاحی اسکیموں کو ایمانداری، دیانت داری اور لگن سے عوام تک پہنچا کر ضلع پنچایت کو عوامی خدمت کا حقیقی مرکز بنائیں۔تقریب میں ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری مکنّا کریگار، چیف پلاننگ آفیسر کشورکمار دوبے، پلاننگ ڈائریکٹر سوریہ کانت بیرادر، ایگزیکٹیو انجینئر شیواجی ڈونی، رمیش ناتھے، بیرندر سنگھ، جے پرکاش چوہان، اے پی او سبھاش، راج شیکھر اور پربھین سوامی سمیت دیگر افسران و ملازمین موجود تھے ۔
