ہمیں کنڑا نادو، زبان، زمین اور پانی کے تحفظ و فروغ کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔انچارج وزیر ایشور کھنڈرے
بیدر۔یکم نومبر(شاروق حسن قادری): جنگلات، ماحولیات و حیاتیات کے وزیر اور بیدرضلع انچارج ایشور کھنڈرے نے کہا کہ ہمیں کنڑا نادو، زبان، زمین اور پانی کے تحفظ و فروغ کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ ضلع اسٹیڈیم، نہرو اسپورٹس گراؤنڈ میں 70ویں کنڑا راجیہ اْتسو کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنڑا نادو کی تاریخ، روایت، ثقافت اور روحانیت میں عظمت و انفرادیت پائی جاتی ہے۔ راجا اور مہاراجاؤں نے بھی اپنے ادوار میں کنڑا زبان و تہذیب کو فروغ دیا۔ کنڑا زبان کی دو ہزار سالہ قدیم تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاعر کوئمپو کے مطابق کرناٹک تمام اقوام کے امن کا باغ ہے اور یہ بات بیدر ضلع پر خوب صادق آتی ہے۔ یہاں بسواکلیان کی مقدس سرزمین، گردوارہ، محمود گاوان کا مدرسہ،نرسمہا سوامی مندر اور پا پ ناش مندر موجود ہیں جہاں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔دیگر زبانوں کے اثر کے باوجود بیدر میں کنڑا زبان پروان چڑھی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ بیدر ضلع کو "پسماندہ” کا ٹیگ دیا گیا ہے، لیکن ہمیں اس داغ کو مٹانا ہے اور یہ ثابت کرنا ہے کہ بیدر بھی ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہے۔ اس کے لیے تمام محکموں کے افسران و عملہ کو محنت کرنی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک کی ثقافت، طرزِ زندگی اور مذہبی ہم آہنگی بے مثال ہے۔ مختلف مذاہب اور عقائد کے لوگ یہاں امن و محبت سے رہتے ہیں۔ لیکن افسوس کہ بعض خود غرض عناصر نے دریائے کاویری کے پانی، کلّسا بندوری، گوداوری کے پانی اور سرحدی تنازع جیسے مسائل کو جان بوجھ کر زندہ رکھا ہوا ہے۔ایشور کھنڈرے نے بتایا کہ اس سال ضلع میں شدید بارش سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فضائی معائنہ کے بعد این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے علاوہ اضافی 8500 روپے فی ایکڑ معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ کل 1.69 لاکھ ہیکٹر اراضی کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جس کے لیے تقریباً 300 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ پہلی قسط میں 70 کروڑ روپے ایک لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں جمع کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رہائشی اسکولوں، اسپتالوں، آبپاشی اور چھوٹی صنعتوں سمیت ہر شعبے میں ترقی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تعلیم حاصل کر کے ہمیں ریاست کی ترقی میں حصہ لینا چاہیے اور کنڑا زبان کو روزمرہ کی زندگی میں فروغ دینا ہمارا فرض ہے۔اس موقع پر رکن پارلیمان ساگر کھنڈرے، ایم ایل اے ڈاکٹر شیلندر بَیلداڑے، ایم ایل سی بھیم راؤ پاٹل، بیدر اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بسوراج جابشٹی، میونسپل کارپوریشن کے صدر محمد غوث، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر گریش بدولے، ایس پی پردیپ گْنتی، کمشنر رمیا رَنگناتھ اور دیگر موجود تھے۔
