بیدر۔ 17؍نومبر(محمدیوسف رحیم بیدری): شیر میسور ٹیپو سلطان کا 275 واں یوم پیدائش شہر کے مسلم ہیومن رائٹس اسوسی ایشن کے دفتر میں شاندار طریقے سے منایا گیا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنماؤں کی موجودگی نے پروگرام میں ایک خاص اضافہ کیا۔آر پی آئی (امبیڈکر) پارٹی کے ریاستی صدر مہیش گورنالکرنے مہمان خصوصی کے طور پر پروگرام میں شرکت کی، اورخطاب کرتے ہوئے کہاکہ ”ٹیپو سلطان کی بہادری، قربانی،اور جدوجہد ہندوستانیوں کے لیے ایک لازوال مثال ہے‘‘انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ٹیپو سلطان اور ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی حب الوطنی کو ذات پات کی نظروں سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے آزادی پسندوں کی حقیقی تاریخ کو عوام تک پہنچانے پر زور دیا۔مسلم ہیومن رائٹس ایسوسی ایشن کے صدر سید وحید لکھن نے کہا کہ ’’دلتوں، پسماندہ طبقوں اور اقلیتوں کو متحد ہونا چاہیے، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم آئین، امبیڈکر اور ٹیپو سلطان کی تاریخ کو ہر گاؤں تک پہنچائیں‘‘ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بھائی چارے اور اتحاد کے پل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ جے ڈی ایس لیڈر سید محمد اسد الدین نے کہا، ’’ٹیپو سلطان جینتی نہ صرف ضلع بلکہ ریاستی سطح پر بھی شایان شان طریقے سے منائی جانی چاہیے۔ لوگوں کو ان کی اصل تاریخ جاننی چاہیے۔” AIMIM کونسلر جناب عبدالعزیز عرف منا نے کہا، ’’آئین کو تبدیل کرنے کی بات مضحکہ خیز ہے۔ ہمیں امبیڈکر کے قلم کی طاقت اور ٹیپو سلطان کی تلوار کی چمک کو نہیں بھولنا چاہئے‘‘ انہوں نے منو وادیوں کو خبردار کیا۔
بی ایس پی کے ضلع کوآرڈینیٹر راج کمار مولبھارتھی نے بات کرتے ہوئے ذات پات کی مذہبی عداوتوں کی مذمت کی جو انسانیت کے خلاف ہو رہی ہیں اور ہر ایک سے پرامن ہندوستان کی تعمیر کے لیے آئین کے مطابق کام کرنے کی اپیل کی۔مولاناسید سراج الدین نظامی اور مسیحی رہنما ولسن کوٹ نے پروگرام میں نظامت کی۔دلت اتحاد تحریک کے ریاستی صدر پرکاش راون نے پروگرام پیش کیا۔پروگرام میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔

