بیدر۔ 18؍نومبر (محمدیوسف رحیم بیدری): کرناٹک اردو اکادمی کے زیرِ اہتمام بروز ہفتہ 15 نومبر 2025سہ پہر 3 بجے خواتین کا’’کل ریاستی مشاعرہ‘‘ بمقام: آڈیٹوریم، کے۔ یم۔ڈی۔ سی بھون، شیشادری پورم، بنگلورومنعقد کیاگیا۔ مشاعرہ کے سرپرست مولانا محمد علی قاضی، چیرمین کرناٹک اردو اکادمی رہے اور آپ نے شاعرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خود بطور سامع سامعین میں بیٹھے رہے اور مشاعرے کے اختتام تک مشاعرے کو کامیاب بنا نے میں اپنا اہم رول ادا کیا۔ بنگلور یونیورسٹی، بنگلورو کے شعبہ اردو کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انوپما پول نے مشاعرے کی صدارت فرمائی۔ ڈاکٹر فاطمہ زہرہ، سابق پرنسپال، گورنمنٹ ہوم سائنس کالج، ہاسن اور ڈاکٹر شائستہ یوسف، رکن، کرناٹک اردو اکادمی و صدر بزمِ نساء مہمانانِ خصوصی شریکِ بزم رہے۔ ڈاکٹر مہ جبین نجم میسور،ڈاکٹر شکیلہ گوری خان دھارواڑ،محترمہ مہرالنساء مہرو بیجاپور،ڈاکٹر فرزانہ فرح بھٹکل، ڈاکٹر فریدہ رحمت اللہ بنگلورو، محترمہ منجو وینکٹ بنگلورو، ڈاکٹر ثمینہ تاج ٹمکور، محترمہ سویٹی سنگھل بنگلورو، محترمہ ریشمہ طلعت شبنم کولار، محترمہ یاسمین تاج تماپوری یادگیر، محترمہ شبانہ شب جہاں ہبلی اپنے نے اپنے کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا اور کئی شاعرات کے بہترین اشعار پر ’’مکرر‘‘ کی فرمائش بھی کی گئی۔
پروفیسر صبیحہ زبیر، ناظم، مصنف اور میڈیا کنسلٹنٹ نے مشاعرہ کی نظامت کے فرائض بہت ہی خوش اصلوبی کے ساتھ سرنجام دیئے اور آپ کی نظامت کو خوب پسند کیا گیا۔ مشاعرے کا آغاز ثمینہ تاج، ٹمکور کے حمدیہ کلام سے ہوا۔ اور اسماء خانم، اردو لکچرر، بی ای ٹی پی یو کالج نے مہمانان، شاعرات و سامعین کا استقبال کیا۔آئی ہوئی تمام شاعرات کوشال پوسی کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر سعیدہ خانم، رکن، کرناٹک اردو اکادمی نے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ صبا انجم عاشی، شاعرہ و ادیبہ نے مولانا محمد علی قاضی، یس اعجاز پاشاہ اور اراکینِ اکادمی ڈاکٹر انیس صدیقی، اعظم شاہد، عبدالعظم تنویر، عابد اسلم، منیر احمد جامی کے علاوہ تمام شاعرات و حاضرینِ محفل اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشاعرے کے اختتام کا اعلان کیا۔ اس بات کی اطلاع جناب یس اعجاز پاشاہ، رجسٹرار، کرناٹک اردو اکادمی اور منیر احمد جامیؔ،کنوینر و رکن کرناٹک اردو اکادمی نے دی ہے۔
