تحریر: صفی الرحمن فرقانوی

الحمدللہ ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر، اترپردیش کے حالیہ انتخابی اجلاس کا کامیاب، منظم، باوقار اور پُرامن انعقاد یقیناً اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم ہے، جس کے نتیجے میں اہلِ حدیث حلقوں میں مسرت، اطمینان اور خوشگوار احساسات کی فضا قائم ہوئی۔ اس بابرکت اور اہم موقع پر جمعیت کے تمام ذمہ داران، اراکینِ شوریٰ و عاملہ اور متعلقین بجا طور پر مبارکباد اور تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے نظم و ضبط، سنجیدگی، باہمی احترام، اعتماد اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے ساتھ اس اہم جماعتی فریضہ کو نہایت حسن و خوبی سے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ بلا شبہ یہ طرزِ عمل جمعیت اہلِ حدیث کی سنجیدہ روایت، پختہ دینی شعور، اصول پسندی اور اجتماعیت کا روشن مظہر ہے۔

ہم دل کی عمیق گہرائیوں سے نو منتخب امیرِ محترم فضیلتہ الشیخ محمد ابراہیم مدنی حفظہ اللہ کو دوبارہ منصبِ امارت پر فائز ہونے پر پُرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آپ اپنی سنجیدہ طبیعت، خوش اخلاقی، علمی متانت، دعوتی بصیرت اور طویل تدریسی و اصلاحی خدمات کے باعث اہلِ علم اور اہلِ جمعیت میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی قیادت کو جمعیت کے لیے سراسر خیر، اتحاد و یگانگت کا ذریعہ، تنظیمی استحکام کا سبب اور دعوتی اثر پذیری کا باعث بنائے اور آپ کے فیصلوں میں حکمت، اخلاص اور برکت عطا فرمائے۔

اسی طرح نو منتخب ناظمِ ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، شیخ وصی اللہ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ کو بھی نہایت مسرت، قلبی انبساط اور اخلاص کے ساتھ دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ آپ کا دوبارہ انتخاب اراکینِ شوریٰ کے بھرپور اعتماد، آپ کی خالص نیت، مضبوط تنظیمی صلاحیت، مسلسل علمی و دعوتی خدمات اور جماعت کے ساتھ آپ کی گہری وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ ہم بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو کامل صحت، دوامِ استقامت، اخلاصِ نیت اور حسنِ تدبیر عطا فرمائے اور آپ کے ذریعے جمعیت کے نظم و نسق اور دعوتی مشن کو مزید تقویت عطا فرمائے۔

ہم صوبائی جمعیت اہلِ حدیث، مشرقی اترپردیش کے ناظمِ اعلیٰ فضیلتہ الشیخ شہاب الدین مدنی حفظہ اللہ کے بھی تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ آپ نے بطورِ مشاہد اس انتخابی اجلاس میں شرکت فرما کر اپنی قیمتی رہنمائی، بصیرت افروز نصائح اور حکیمانہ مشوروں سے اجلاس کے وقار، سنجیدگی اور افادیت میں قابلِ قدر اضافہ فرمایا۔ اللہ تعالیٰ آپ کی دینی، دعوتی اور جماعتی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، آپ کی عمر و علم میں برکت دے اور آپ کو اجرِ عظیم سے نوازے۔

اسی طرح سہ رکنی انتخابی بورڈ کے معزز اراکین مولانا عبدالرب سلفی (کنوینر)، مولانا سراج الدین سراجی اور مولانا مجیب الرحمن رحمانی، نیز انتخابی عمل میں سرگرم اور مؤثر کردار ادا کرنے والے تمام معزز اراکینِ شوریٰ و عاملہ، بالخصوص مختلف حلقوں سے وابستہ ذمہ داران بجا طور پر خراجِ تحسین اور شکریہ کے مستحق ہیں۔ آپ حضرات نے جس صبر، وقار، اصول پسندی، عدل و دیانت اور باہمی مشاورت کا عملی مظاہرہ کیا، وہ جمعیت اہلِ حدیث کے روشن، مضبوط اور بااعتماد مستقبل کی ضمانت ہے۔

ہم خازن کے منصب پر منتخب ہونے والے مولانا عبدالخبیر مدنی کو بھی دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو امانت و دیانت، خوفِ خدا اور حسنِ انتظام کے ساتھ اس اہم ذمہ داری کو ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کی خدمات میں خیر و برکت نازل فرمائے۔

مزید برآں، جمعیت کے مختلف حلقوں—بانسی، ڈومریا گنج، اٹوا، شہرت گڑھ، بڑھنی، بسکوہر، نوگڑھ—اور دیگر علاقوں سے تشریف لانے والے تمام معزز علمائے کرام، ضلعی و حلقہ جاتی ذمہ داران، اراکینِ شوریٰ و عاملہ، اساتذہ، طلبہ، کارکنان، رفقاء، محبین اور معاونینِ جمعیت سب بجا طور پر قابلِ ستائش اور لائقِ تحسین ہیں۔ آپ حضرات کی فعال شرکت، خلوصِ دل سے تعاون، دعائیں اور نیک تمنائیں اس حقیقت کا بین ثبوت ہیں کہ جمعیت اہلِ حدیث ایک منظم، سنجیدہ، باوقار اور خیرخواہ دینی تحریک ہے۔ اسی طرح بیرونِ اضلاع، بیرونِ صوبہ اور بیرونِ ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام احباب جنہوں نے پیغامات، دعاؤں اور خیرسگالی کے اظہار کے ذریعے نو منتخب عہدیداران کی حوصلہ افزائی فرمائی، وہ سب بھی دلی مبارکباد اور شکریہ کے مستحق ہیں۔

ہم ان تمام منتظمین اور خدمت گزار احباب کی خدمات کو بھی قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جن کی خاموش مگر مخلص اور شبانہ روز محنت کے نتیجے میں یہ اجلاس نظم و وقار، حسنِ ترتیب اور خوشگوار ماحول کے ساتھ بخوبی انجام پایا۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کی کوششوں کو قبول فرمائے، انہیں شرفِ قبولیت بخشے اور بہترین اجر و بدلہ عطا فرمائے۔

بالخصوص مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم (مدرسہ جلال العلوم) مہدئیا کے ڈائریکٹر برادرِ مکرم رفیع احمد (لوی) کی جانب سے مہمان نوازی اور ضیافت کے عمدہ، منظم اور قابلِ تحسین انتظامات نہایت لائقِ ستائش ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں دنیا و آخرت کی بے شمار بھلائیوں، سعادتوں اور خیرِ کثیر سے نوازے اور ان کی خدمات کو ذریعۂ نجات بنائے۔

آخر میں بارگاہِ رب العزت میں دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کو حق و سنت کی صحیح ترجمانی کا مضبوط، مؤثر اور قابلِ اعتماد ذریعہ بنائے؛ تمام نو منتخب عہدیداران اور متعلقین کو کامل اخلاص، للہیت، باہمی مشورہ، اتحادِ قلوب اور حسنِ عمل کے ساتھ جماعتی ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے اور اس جماعت کے ذریعے دعوتِ توحید اور اتباعِ سنت کو مزید فروغ، وسعت اور قبولیت عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے