(عبدالمبین منصوری)
جوگیا، سدھارتھ نگر: یوم اساتذہ کے موقع پر ہندوستان کے سابق صدر اور عظیم ماہر تعلیم ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کے یوم پیدائش کے اعزاز میں منائے جانے والے قومی تہوار یوم استاذہ پر آئی آئی سی ٹی کمپیوٹر سنٹر جوگیا کے طالب علموں نے بـڑے ہی شان و شوکت کے ساتھ منایا۔
اس موقع پر کمپیوٹر سنٹر کے طلباء نے دلکش پرفارمنس پیش کی۔ سب سے پہلے مہمانوں اور تمام اساتذہ کا کمپیوٹر سنٹر کے طلباء نے پھولوں کے ہار اور آرتی سے شاندار استقبال کیا۔ جس کے بعد طلباء نے استقبالیہ گیت پیش کئے اور تقاریر اور ڈانس پرفارمنس کے ذریعے کمپیوٹر سنٹر کے طلباء نے سب کے دل موہ لئے۔
کمپیوٹر سنٹر کے ڈائریکٹر محمد شمیم اختر انصاری نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین اور خاندان کے بعد استاذ ہی وہ واحد ہستی ہوتی ہے جو چاہتے ہیں کہ ان کے طلباء کامیابی کی بلندیوں سے ہم کنار ہوں۔ اس لیے استاذ اور طالب علم کا رشتہ اپنے آپ میں بہت اہم اور مقدس ہوتا ہے۔
کمپیوٹر سنٹر کے پرنسپل نواز عظیم نے پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی یوم اساتذہ کے اس پرمسرت موقع پر ہم سب کو اپنے اساتذہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جنہوں نے انتہائی ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ ہمیں اور آپ کو مہذب شہری بنانے کے لیے اپنا سب کچھ وقف کر دیا۔
عبدالمبین منصوری نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب جو آج طالب علم ہیں، بلاشبہ کل کسی کے استاذ ہوں گے اور انہیں اچھی تعلیم دلانے اور قوم اور معاشرے کی بھلائی کے لیے صحیح راستے پر چلنے کے لیے کام کریں گے۔ جس طرح یہاں موجود تمام اساتذہ کرام اور ہم بھی کبھی کسی کے طالب علم تھے۔ ہمیں اپنے اساتذہ کی تعلیمات اور نظریات کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے ہمیشہ روشن مستقبل کی طرف ہماری رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے مشہور شعر پڑھ کر اساتذہ کی اہمیت سے طلبا کو روشناس کرایا۔
دیکھا نہیں کوہکن کوئی فرہاد کے بغیر،
آتا نہیں ہے فن کوئی استاد کے بغیر۔
جن کے کردار سے آتی ہے صداقت کی مہک
ان کی تدریس سے پتھر بھی پگھل سکے ہیں۔
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے وویک ورما نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے اساتذہ ہی ہمارے مستقبل، قوم اور معاشرے کے حقیقی محسن اور معمار ہیں کیونکہ وہ اپنے طلبہ کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا کام کرتے ہیں اس لیے آج اپنے اساتذہ کا احترام کرنا ان کے لیے سب سے بڑا اعجاز ہوگا۔
ہریش چندر، ارون کمار پرجاپتی، مکیش سنگھ، مسز پوجا، اندرجیت سنگھ، شیوانی پرساد گپتا، کرشنادھر یادو، منیرام یادو، بلیرام، راکیش یادو، سچیدانند کر پاٹھک، اور دیگر نے بھی پروگرام سے خطاب کیا اور تمام طلبہ کو اپنے محبت بھرے پیغامات اور دعاؤں سے نوازا
آخر میں کمپیوٹر سنٹر کے پرنسپل محمد نواز عظیم اور ڈائریکٹر محمد شمیم اختر انصاری نے تمام اساتذہ کو شال اور بیجز لگا کر انہیں اعزاز سے نوازا۔
آخر میں پرنسپل نواز عظیم نے اپنے تمام اساتذہ سے درخواست کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح اپنی دعاؤں سے انہیں اور کمپیوٹر سنٹر کے بچوں کو نوازتے رہیں گے۔کمپیوٹر سنٹر کے تمام طلباء نے پروگرام کو کامیاب اور ناقابل فراموش بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ تمام اساتذہ نے اس شاندار تقریب پر تمام طلباء کو مبارکباد بھی دیا اور نیک دعاؤں اور خواہشات سے نوازا۔
