ممبرا، مہاراشٹر (نمائندہ): مورخہ ١۵ دسمبر بروز اتوار جماعت اسلامی کے دفتر واقع شریفہ روڈ ممبرا میں مظفر نگر یوپی سے تعلق رکھنے والے مہمان شاعر عبدالحق سحر مظفر نگری کے اعزاز میں ایک مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممبرا بشمول ممبئی کے شعرائے کرام شریک ہوئے ہے ۔

محترم عبد الحق سحر صاحب، حکم چند کوٹھاری اصغر، جگاڑ دیوبندی، ایاز بستوی، مومن ہندی، تابش رامپوری اور عبداللہ مسرور صاحبان نے مختلف قسم کے اعزازات سے سرفراز کیا۔ اعزازاتی وقفہ ختم ہو جانے کے بعد صاحب صدر اعجاز ہندی صاحب کی اجازت سے مشاعرے کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد تابش رامپوری صاحب نے اپنی نظامت کے دوران صاحب اعزاز کی شاعری اور شخصیت پر گہری روشنی ڈالی اور ان کی بزم "قمر ادبی سوسائٹی” کے مشن کو اجاگر کیا اور مہمان خصوصی ہنر رسولپوری صاحب کی پذیرائی میں بھی گفتگو کی۔ اخیر میں ایاز بستوی صاحب نے تمام شعراء و شرکاء کا شکریہ ادا کرکے بزم کے اختتام کا اعلان کیا۔

قارئین مشرقی آواز جدید کے لیے شعرائے کرام کے چنندہ اشعار پیش خدمت ہیں ۔

 

دین کو دنیا کی راہوں کا خلل کھا جائے گا

اور جو باقی بچے گا الکحل کھا جائے گا

صاحب صدر ۔ اعجاز ہندی

 

کردار سے جب چادر معیار اتر جائے

انسان کی عزت سر بازار اتر جائے

عبدالحق سحر مظفرنگری

 

وہاں سے بھی اڑا کر لے گئی نفرت کی یہ آنڈھی

محبت کی جو چادر گاءوں کے چھپر پہ رکھی تھی

ہنر رسولپوری

گمان سر ہو جسے بے سروں کی بستی میں

کرائیں سیر اسے سروروں کی بستی میں

سلیم رشک

 

ہزار زخم سہی میرے جسم پر اصغر

ہر ایک سنگ ستم کو گلاب میں نے کیا

حکم چند کوٹھاری اصغر

 

ممتحن غیر ہو کہ اپنا ہو

میں نظر امتحاں پہ رکھتا ہوں

خورشید عالم صابری

 

پہونچ گئے وہ منزل پہ جو دوانے تھے

فہیم چلتے رہے بچ بچا کے رستے میں

مومن ہندی

 

سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ یہ کیسی تباہی ہے

وہیں طوفان برپا ہے جہاں پر بے گناہی ہے

ایاز بستوی

 

تری حیا نے فقط عین لکھ کے چھوڑ دیا

پھر اس کے بعد رقم شین قاف میں نے کیا

مسیح الدین نذیری

 

غالب، فراق، ذوق ہوں، تابش ہوں یا خمار

اسلوب مختلف ہیں مگر ہے زبان ایک

تابش رامپوری

 

ترے لہجے کی نرمی میرے دل کو گدگداتی ہے

مجھے اردو کی ہر دم زعفرانی خوشبو آتی ہے

جگاڑ دیوبندی

 

باغوں میں جب کوئل بولی کوئل سے پہچان گیا

آنے والا گاءوں ہے میرا پیپل سے پہچان گیا

ساحل بستوی

 

رحمت ربی سے عزت آپ کو مل جائے گی

زیب تن کرلیں اگر پرہیزگاری کا لباس

ذیشان ضیا

ایاز بستوی صاحب کے تعاون سے یہ رپورٹ نمائندہ مشرقی آواز جدید کو حاصل ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے