الفلاح فاؤنڈیشن کے بانی کا تنظیم سے وابستہ معزز افراد کیلئے پیغام
اعظم گڑھ، 19 دسمبر (نامہ نگار): 750 سے زائد مریضوں کو مفت خون مہیا کرانے والی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ) گروپ کے بانی اور خوب عطیہ تحریک کے روح رواں ذاکر حسین نے آج میڈیا کیلئے جاری بیان میں کہا کہ تنظیم وطن عزیز سمیت عالمی سطح پر عوام کے اندر خون عطیہ کو لیکر بیداری لانے کیلئے لگاتار جدوجہد کر رہی ہے۔تنظیم کے کارکنان نے امسال سعودی، غازی آ باد اور ممبئ میں بھی مریضوں کیلئے مفت خون عطیہ کیا۔
ذاکر حسین نے الفلاح فاؤنڈیشن کی خون عطیہ تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ الفلاح فاؤنڈیشن ایک مشن اور نظریہ ہے، تنظیم سے وابستہ افراد کو اس تحریک کی کامیابی کیلئے قربانی دینی ہو گی۔ لوگ آپ پر الزام لگائیں گے، آپ پر تنقید کریں گے۔آپ کی دل شکنی کریں گے۔ آپ کے کاموں کو مفاد اور دیگر تجارتی مہم سے جوڑ کر بدنام کریں گے۔ لیکن آپ کو ٹوٹنا نہیں ہے، نہ ہمت ہارنا ہے۔ تحریک کی کامیابی کیلئے مسلسل جدوجہد، اخلاص اور ایمانداری اولین شرط ہے۔ ہمیں سماج اور تنظیم کے تئیں مخلص رہتے ہوئے اس نیک مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ ذاکر حسین نے مزید کہا کہ الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کے ذریعہ سماج میں ایک تبدیلی آئی ہے، اس تبدیلی کے دائرے کو عالمی سطح تک پھیلانا ہے، انشاءاللہ۔
اس موقع پر ذاکر حسین نے الفلاح فاؤنڈیشن کے لوگوں سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد اللہ کی رضا ہو، ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ الفلاح فاؤنڈیشن اللہ کیلئے ہے اور ہم کسی انسان کی خوشامد، سفارش ،نام و نمود نہیں بلکہ صرف اللہ کی رضا کیلئے مریضوں کو بالکل مفت خون مہیا کرائیں گے۔ہماری کوشش ہو کہ ہم سب سے پہلے غریب، مسکین، مجبور، لاچار اور بے سہارا مریضوں کو مفت خون مہیا کرانے کی کوشش کریں۔
