ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کے زیر اہتمام چار مراکز پر حج تربیتی پروگرام بحسن وخوبی اختتام پذیر

سدھارتھ نگر/ ٢١اپریل/پریس ریلیز: ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے امسال عازمین حج کے لیے اعمال حج کی عملی تربیت اور ٹرینیگ کی بابت اخباری نمائندوں کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پورے ضلع سدھارتھ نگر میں حج ٹرینیگ کے متعین سات مراکز میں سے درج ذیل چار سینٹروں پر ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے ذمہ داران بطور خاص امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی اور ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے مقامی جمعیتوں کے امراء و نظماء حضرات کے توسط و مکمل تعاون سے ١٢/اپریل بروز سنیچر ڈومریاگنج، ١٧/اپریل بروز جمعرات اٹوا بازار، ١٩/اپریل بروز سنیچر بدر اسکول نوگڑھ اور ٢٠اپریل/ بروز اتوار مدرسہ عا نرکٹہا میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا، جس کی رپورٹ قدرے تفصیل حسب ذیل ہے:

(١) خیر ٹیکنکل، بیدولہ چوراہا، ڈومریا گنج امیر حلقہ مولانا عبدالستار سراجی نے ڈومریا گنج اور اس کے اطراف کے تمام عازمین حج کا پر جوش استقبال اور عمدہ ضیافت کی،سرکاری ٹرینر مولانا نظام الدین صاحب کے علاوہ امیر حلقہ مولانا عبدالستار سراجی، مولانا ضمیر احمد مدنی، مولانا عبدالرحمن القصیمی اور مولانا عبداالمعین سلفی نے یکے بعد دیگرے مناسک حج و عمرہ پر گفتگو کرتے ہوئے عملی طور پر حج وعمرہ کرنے کا طریقہ سکھایا- یہاں شرکاء کی تعداد بیس سے متجاوز تھی۔

(٢) جامع مسجد (جامعہ اتحاد ملت) اٹوا بازار پروگرام کا آغاز حافظ شمس الہدی جامعی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سرکاری ٹرینر مولانا نظام الدین صاحب نے حج کی اہمیت و فضیلت پر خطاب فرمایا۔ بعدہ شیخ شاہد جنید مدنی نے عملی طور پر احرام باندھنے کا طریقہ سکھلاتے ہوئے بلیک بورڈ پر نقشہ بنا کر حج کی ادائیگی کا مکمل طریقہ سمجھایا۔ ان کے بعد مولانا عبدالرحمن سلفی نے اپنے تجربات کی روشنی میں حجاج کرام کی سہولت کے لیے کچھ ایسے طریقے بتلائے جن سے حجاج کرام کو آسانی اور سہولت ہو سکتی ہے۔ پھر خادم الحجاج مولانا عبدالودود سلفی نے دوران سفر حجاج کرام کو کن کن سامانوں کی ضرورت ہے اور ایک حاجی کو کون کون سے سامان لے کر سفر حج پر نکلنا چاہیے؟ تفصیل کے ساتھ بتلایا۔ پھر مولانا محمد نعیم ارشد القاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمل کا دار و مدار نیت پر ہے، اس لیے آپ لوگ اپنی نیت کو خالص کرکے صرف اللہ کی رضا کے لیے حج پر نکلیں۔ ان کے بعد مولانا فخرالدین ریاضی نے حقوق العباد کی یاد دہانی کراتے ہوئے حجاج کرام سے کہا کہ آپ لوگ سفر حج پر جانے سے پہلے آپسی لین دین کو لے دے کر برابر کرلیں اور اگر کسی کو آپ کے ذریعے سے تکلیف پہنچی ہے تو اس سے معافی تلافی کرا لیں۔ پھر مولانا محمد نفیس صفاوی نے عبادات کی قبولیت کے چند اصول سے حجاج کرام کو آگاہ فرمایا۔ تقریبا 20 سے زائد عازمین حج اور ان کے ساتھ آئے ہوئے دیگر سامعین نے شرکت کی اور ٹریننگ دینے والے علماء کرام کی ٹریننگ سے فائدہ اٹھایا۔ پروگرام کی نظامت فخرالدین ریاضی نے کی۔ اس پروگرام میں موجود تمام علماء کرام اور حجاج کرام کے باہمی تعاون سے پروگرام بڑے ہی پر سکون انداز میں کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔

(٤)مدرسہ عائشہ گرلس کالج نرکٹہا بانسی۔ پروگرام کا آغاز مولانا عبدالرحمٰن اثری صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد حج کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے ٹرینر مولانا نظام الدین صاحب نے حج کے فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے سفر حج کے دوران آنے والی دشواریوں سے آگاہ کیا اور دوران سفر کن اشیاء کی ضرورت پڑتی ہے؟ تفصیلی طور پر انہیں بتایا بعدہ جناب مولانا عبدالرحمان اثری صاحب نے عمرہ کے مناقب اور طریقے کو کتاب و سنت کی روشنی میں واضح فرمایا۔ اس کے بعد جناب مولانا عبدالخبیر مدنی نے حج اور عمرہ کے فضائل اور ارکان کو مکمل اور قرآن و سنت کی روشنی میں مدلل بیان کرتے ہوئے احرام باندھنے کا طریقہ عملی طور پر عازمین حج کو سمجھایا۔ نظامت کا فریضہ مولانا عبدالرشید سلفی ناظم مقامی جمعیت اہل حدیث حلقہ بانسی نے انجام دیتے ہوئے عازمین حج سے عرض کیا کہ سفر حج پر نکلنے سے قبل اپنی نیتوں کو خالص کرلیں اور حقوق العباد ادا کردیں، لوگوں سے معافی مانگ لیں۔ مقامی جمعیت کے سرپرست مولانا عبدالرب سلفی اپنی بیماری کے باعث پروگرام میں شرکت نہ کرسکے تاہم پروگرام کی ترتیب و تنسیق میں پورے طور پر ان کی سرپرستی اور مفید مشورے شامل رہے۔ جناب مولانا عبدالخبیر مدنی امیرحلقہ کے اختتامی دعائیہ کلمات کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ عازمین حج کی کل تعداد بیس(٢٠)تھی۔

(٤) بدر اسکول، کھجوریا روڈ، نوگڑھ۔ مرکز تحفيظ القران الكريم و الدعوة و التعليم، تیتری بازار کی خوب صورت اور وسیع و عریض جامع مسجد میں حج تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تقریباً دس بجے حافظ استخار احمد کی تلاوت کلام ربانی سے ہوا، بعد ازاں ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے تمام عازمین حج اور مشارکین مشارکات کا بصمیم قلب استقبال اور والہانہ خیرم قدم کرتے ہوئے ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کا مختصر تعارف پیش کیا اور اس پروگرام کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عازمین حج کو اس بات کی تلقین کی کہ آپ لوگ خلوص نیت کے ساتھ سفر حج پر روانہ ہوں اور روانگی سے پہلے ہی حقوق العباد کی ادائیگی اور سنت کے مطابق حج و عمرہ کا طریقہ سیکھ لیں۔ اسی لیے ضلعی جمعیت نے حج تربیتی پروگرام کا انتظام و انصرام کیا ہے۔

 عازمین حج اور ان کے ہمراہ تشریف لانے والوں کی کل تعداد تقریباً پچاس سے متجاوز تھی،سفر حج پر روانہ ہونے والے یہ سعادت مند مردوخواتین طے شدہ پروگرام اور وقت مقررہ پر بدر اسکول پہنچ چکے تھے، ان معزز مہمانوں کی ضیافت و رہنمائی کے لیے ضلعی جمعیت کے ذمہ داران وکارکنان پہلے سے موجود تھے، جنھوں نے اپنی اخلاقی وجماعتی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی،پہلی بار عازمین حج کے اندراس قدر مناسک حج وعمرہ کے احکام ومسائل اور عملی تربیت حاصل کرنے کا شوق،جوش وجذبہ اورولولہ دیکھا گیا،حج وعمرہ کے ارکان ومسائل پر گفتگو اور عملی تربیت دینے کے لیےجماعت کے معتمد و مستند اور کئ بار حج وعمرہ کی سعادت سے سرفراز ہونے والے علماء کرام تشریف فرما تھے، بدر اسکول کی جامع مسجد میں سرکاری ٹرینر مولانا نظام الدین صاحب کے علاوہ تربیت دینے والے علماء کے اسماء گرامی یہ ہیں:

 وصی اللہ مدنی، مولانا شفیع اللہ مدنی، ڈاکٹر بدرالدین ریاضی، مولانا محمد ہاشم سلفی، مولانا جمشید عالم سلفی، مولانا عبدالرشید سلفی۔ ہر ایک نے اپنے اپنے موضوع کو مختصر مگر مدلل و دل نشین انداز میں پیش کیا۔ ڈاکٹر بدرالدین ریاضی نے حج اور عمرہ کرنے کا عملی طریقہ تفصیل سے بتایا اور مناسک حج اور مقدس سفر سے متعلقہ سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ پروگرام کی نظامت مولانا عبدالرشید سلفی نائب ناظم جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ نے پوری ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دی۔

اس موقع پر تمام مراکز پر ضلعی جمعیت کی جانب سے مطبوع ضلعی جمعیت کے سابق ناظم محترم مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ کی تالیف کردہ کتاب "کتاب و سنت کی روشنی میں مختصر آداب حج و عمرہ” بزبان اردو، ہندی اور ایک ورقی اعمال حج و طریقہ عمرہ تقسیم کی گئی۔

مولانا محمد ہاشم سلفی ناظم مقامی جمعیت اہل حدیث حلقہ نوگڑھ کے اختتامی اور دعائیہ کلمات پر پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

برادرم الحاج رفیع احمد(لوی)‌ نے تمام عازمین حج اور ان کے ہمراہیوں کی عمدہ حق ضیافت قبول فرمائی اور تربیت دینے والے علمائے کرام کو پرتکلف دوپہر کا کھانا کھلایا۔ فجزاه الله خيرا۔

بدر اسکول کا پروگرام ہر اعتبار سے کامیاب رہا۔ پروگرام کی ترتیب و تنسیق میں عزیزان گرامی جناب مولانا محمد ہاشم سلفی، جناب مولانا جمشید عالم سلفی، جناب مولانا عبدالرشید سلفی، جناب مولانا سرفراز سراجی، عزیزم رضاء اللہ سلمہ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ اللہ کے فضل خاص اور ذمہ داران احباب کی مخلصانہ کاوشوں سے تمام مراکز پر حج تربیتی پروگرام کامیاب رہا۔

ناظم ضلعی جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے جمعیت کی اس نمایاں کامیابی پر اپنی مسرت و شادمانی کا اظہار کرتے ہوئے متعینہ سینٹروں کے امراء و نظماء اور ان کے دیگر معاونین کا بصمیم قلب شکریہ ادا کیا جنھوں نے حج تربیتی پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں جمعیت کا کسی طرح کابھی تعاون کیا ہے، اللہ سب لوگوں کو اس کا بہترین بدلہ عنایت فرمائے، آمین۔

اللہ تمام خوش نصیب عازمین حج کو کتاب وسنت کی سنہری تعلیمات کی روشنی میں حج وعمرہ کرنے کی توفیق ارزانی عطا کرے، ان کے تمام پاکیزہ اعمال کو شرف قبولیت بخشے اور اپنے حفظ وامان میں رکھے تاکہ بصحت و عافیت اور امن و سلامتی کے ساتھ اپنے وطن عزیز واپس آسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے