بیدر۔ 2 ؍جولائی (شاروق حسن قادری): قانون ساز کونسل کے رکن اور ذمہ داریوں سے متعلق کمیٹی کے صدر ایم ناگ راجو نے کہا ہے کہ ضلع کے تمام محکموں کے افسران کو سرکاری تقاریب کی دعوت ناموں اور دعوتی امور میں شائستگی اور پروٹوکول کی لازمی طور پر پابندی کرنی چاہیے۔ضلع پنچایت کے اجلاس ہال میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ناگ راجو نے کہا کہ جمہوری نظام میں مقننہ اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ تمام افسران کو قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے تمام ارکان کو مساوی عزت دینی چاہیے۔ قانون ساز کونسل کے ارکان کو نظر انداز کرنا پروٹوکول کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسران شائستگی کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف کمیٹی کی جانب سے محکمانہ کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ بیدر ضلع میں متعدد مواقع پر قانون ساز کونسل کے ارکان کو دعوتی فہرست میں شامل نہ کرتے ہوئے شائستگی کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افسران کو بنگلور بلا کر پوچھ گچھ کرنے کی بجائے، ہم خود بیدر آ کر اجلاس کر رہے ہیں تاکہ مسئلہ مقامی طور پر حل ہو۔ افسران کو چاہیے کہ وہ اب ہوش کے ناخن لیں اور قانون ساز کونسل کے اراکین کو مکمل عزت دیں۔ایم ناگ راجو نے زور دیا کہ ہر چھ ماہ میں ضلع ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں تمام افسران کے لیے شائستگی اور پروٹوکول سے متعلق اجلاس یا ورکشاپ کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ بیداری پیدا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ بیدر ڈپٹی کمشنر دفتر میں پروٹوکول افسر کی پوسٹ خالی ہونے کے باعث فی الحال فرسٹ گریڈ اسسٹنٹ یہ ذمہ داری سنبھال رہے ہیں، جنہیں مزید سنجیدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔اجلاس میں اس بات پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا گیا کہ قانون ساز کونسل کے رکن بھیم راؤ پاٹل کو گزشتہ تین سالوں سے دفتر کا کمرہ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے تمام ارکان نے اس پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اس معاملے پر معذرت کر چکے ہیں، لیکن آج تک انہیں اوراد میں دفتر نہیں دیا گیا۔جواب میں ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے وضاحت کی کہ دفتر فراہم کرنے کا عمل جاری ہے اور اوراد ٹاؤن میں بلدیہ کی گرانٹ سے دفتر تیار کیا جا رہا ہے، جو جلد مکمل ہو جائے گا۔ایم ناگ راجو نے یہ بھی کہا کہ بیدر کے ایک اور قانون ساز کونسل رکن ڈاکٹر ایم جی مولے کو بھی دفتر کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر مولے نے شکایت کی کہ بسواکلیان میں بعض ترقیاتی پروگراموں کے افتتاح کے دوران انہیں مدعو نہیں کیا گیا، جو افسوسناک ہے۔بیچاپور سے کونسل رکن پی ایچ پجار نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عوام کے مسائل سننے کے لیے دفتر کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسروں کا رویہ غیر سنجیدہ اور غیر قانونی ہے، انہیں قانون کے مطابق ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے۔اس اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ارکان ڈاکٹر تلوار، کیشو پرساد، بھیم راؤ پاٹل، جگدیو گتیدار، راماجی راؤ کے علاوہ ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گنٹی سمیت دیگر ضلعی افسران شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے