لڑکیوں کے کالج کب قائم ہوں گے؟ ویلفیئر پارٹی نے اٹھایا سوال

گلبرگہ۔ 14؍جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری): آج کلبرگی ضلعی دفتر میں ویلفیئر پارٹی آف انڈیا – کرناٹک کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین کی قیادت میں ایک پریس اور میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کے دوران ریاستی صدر نے ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے 15 اضلاع میں قائم کیے جانے والے لڑکیوں کے کالجوں کی موجودہ صورتحال پر بات کی۔ انہوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ان میں سے کسی بھی ضلع میں اب تک تعمیراتی کام شروع نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے حلومت سے مطالبہ کیا کہ تعمیرات کا کام جلد شروع کیا جائے اوراقلیتوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے۔
ایڈوکیٹ طاہر حسین نے کرناٹک بھر میں مولانا آزاد اسکولوں کی خستہ حالی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ناقص سہولیات اور معیاری تعلیم کی کمی کی وجہ سے ایس ایس ایل سی کے نتائج نہایت مایوس کن ہیں بالخصوص حیدرآباد کرناٹک کے اضلاع مِیں انتہائی خستہ ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر لڑکیوں کے کالجوں کی تعمیر کا آغاز نہ ہوا، اور اگر محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود مولانا آزاد اسکولوں کے تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کو نظر انداز کرتا رہا، تو ویلفیئر پارٹی ایک ریاست گیر احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔اس پریس کانفرنس میں ریاستی سکریٹریز جناب رضوان ہمناآباد، جناب مبین احمد، زونل سکریٹری جناب عرفان، ضلعی صدر جناب سلیم احمد اور نائب صدر جناب سدّنا چکرا شریک تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ WPI ذرائع نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے