پڈرونہ(کشی نگر): تھانہ کبیر استھان حلقہ پڈرونہ سیمرا ہرد و رحمان نگر میں واقع جامعہ رحمانیہ اسلامیہ ضلع کشی نگر میں حافظ مولانا جنید عالم صاحب کے سانحہ ارتحال پر ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس میں تمام اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی ، قرآن خوانی کر کے مرحوم کو ایصال ثواب کیا گیا اور دعائے مغفرت کی گئی، جس کا آغاز شعبئہ حفظ کے طالب علم حافظ شوکت کے تلاوت کلام پاک سے ہوا، جامعہ کے سربراہ مولانا احمد کمال عبدالرحمان ندوی نے اس کی صدارت کرتے ہوئے رنج وغم کا اظہار فرمایا کہ مولانا موصوف سے دارالعلوم ندوۃ العلماء میں دوران تعلیم ملاقات ہوتی رہتی تھی گو مجھ سے سینئر تھے تاہم بڑی شفقت اور محبت کا برتاؤ کرتے تھے، ان کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ جس وقت گورکھپور میں دینیات و حفظ کا معقول انتظام نہیں تھا انہوں نے اس کی طرف توجہ دی اور باب العلوم قائم کرکے ایک بنیادی خدمت انجام دیا،ان کی وفات کی اطلاع مجھے مولانا ندیم احمد ندوی حال مقیم ریاض سے واٹس ایپ پر ہوئی، اناللہ و انا الیہ راجعون، للہ ما اخذ و للہ ما اعطیٰ و کل شییٔ عندہ بمقدار۔
اللہ تعالی مرحوم کی ساری لغزشوں کو معاف فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے سارے دینی کاموں کو ذخیرۂ آخرت بنائے اور ان کے پسماندگان کو صبر و جمیل کی توفیق عطافرمائے، اس نشست میں حافظ مظفرالحسن، قاری جمیل، علی حسن ، بشیر احمد وغیرہ شریک رہے۔۔۔
