پھلواری شریف پٹنہ 15/ستمبر 2025 (پریس ریلیز): مدرسہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ میں مورخہ 14/ستمبر 2025 بروز اتوار ششماہی امتحان اختتام پذیر ہوا ۔ امتحان دو مرحلے (تحریری و تقریری) میں منعقد ہوا ، امتحان میں درجہ حفظ و ناظرہ سمیت ابتدائی نورانی قاعدہ کے طلبہ وطالبات شریک ہوکر بیحد دلچسپی اور دل جمعی کے ساتھ اس مرحلے کو بحسن خوبی انجام تک پہنچایا، اس موقع پر بحیثیتِ ممتحن مولانا مفتی محمد ضیاء العظیم قاسمی معلم گورنمنٹ ہائی اسکول چک غلام الدین ویشالی، و سابق استاذ مدرسہ ھذا نے شرکت کی، ممتحن نے طلبہ وطالبات کی کاوشوں اور کارکردگی پر اطمنان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً ادارہ کے اساتذہ نے طلبہ و طالبات کی تعلیم و تربیت پر بڑی محنت و مشقت کی ہیں۔

بعدہ ناظم تعلیمات قاری عبد الواجد عرفانی نے مدرسہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم محمدیہ صوبہ بہار کے دارالحکومت شہر پٹنہ کے پھلواری شریف میں واقع ایک خالص دینی ادارہ ہے، جو محتاج تعارف نہیں ہے، تقریباً بارہ سالوں سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے، یہاں کثیر تعداد میں مقامی و بیرونی طلبہ و طالبات اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں یہ ادارہ مشہور و معروف عالم دین مولانا محمد عظیم الدین رحمانی صاحب کے زیر سرپرستی اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس وقت ادارہ میں چار اساتذہ دو کارکنان اور تقریباً ساٹھ طلبہ و طالبات اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں، تیس طالب علم ہاسٹل میں مقیم ہیں جن کی مکمل کفالت ادارہ کے ذمہ ہے جبکہ مقامی تیس طلبہ و طالبات مختلف اوقات میں تعلیمی فریضے انجام دے رہے ہیں ۔

قاری عمران صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنی تعلیمی اور تربیتی نظام میں محتاج تعارف نہیں ہے، ہماری کوشش یہی ہے کہ قوم و ملت کے نونہالوں کو اچھی تعلیم و تربیت سے آراستہ و پیراستہ کیا جائے، مفتی نور العظیم مظاہری مہتم جامعہ ھذا نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کائنات میں انسان کے لیے ہدایات اور رہنمائی کا جو نظام اللہ تعالیٰ نے قائم کیا ہے اس میں انسان میں علم کے حصول اور سمع بصر اور فواد کے ذریعہ انفس اور آفاق دونوں دنیاؤں سے حصول علم اور الہامی ہدایت کے ذریعہ اس علم اور ان صلاحیتوں کا صحیح صحیح استعمال شامل ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیائے کرام کے ذریعہ علم ، انسان اور تہذیب کےلئے اسی نمونہ کو ہمارے سامنے پیش فرمایا۔ یہ انبیائے کرام ﷩ انسانیت کو اسی نمونے کی تعلیم دینے کی خدمت انجام دیتے رہے جس کا مکمل ترین نمونہ خاتم الانبیاء حضرت محمدﷺ نے پیش کیا اور فرمایا کہ میں معلّم بناکر بھیجا گیا ہوں۔تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس سے وہ انسان اور ادارے وجود میں آتے ہیں جو زندگی کے پورے نظام کی اسلام کی اقدار اور مقاصد کے مطابق صورت گری کرتے ہیں۔ اس لیے امت مسلمہ کی ترقی اور زوال اور سطوت اور محکومی کا سارا انحصار تعلیم اور نظام تعلیم پر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے