بجنور(پریس ریلیز۔۲۹؍ جون): جامعۃ الفیصل کے ناظم، ملت اکیڈمی بجنورکے چیئرمین اور ماہنامہ ”اچھا ساتھی” کے مدیر ڈاکٹر سراج الدین ندوی نے عالمِ اسلام کے ممتاز عالمِ دین، محدث، مفکر، خطیب اور داعی حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی رحمہ اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملتِ اسلامیہ کا عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹرسراج الدین ندوی نے کہا کہ حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی رحمہ اللہ علم و فضل، دعوت و اصلاح، خطابت، تصنیف و تحقیق اور دینی فکر کے میدان میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے۔ آپ نے برصغیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اسلام کی دعوت، دینی بیداری اور فکری رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔ اصلاحِ نصابِ تعلیم، امت کی علمی و فکری تعمیر اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ دینی تعلیم کے سلسلے میں آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ حدیثِ نبوی کی اسانید، اسلامی علوم اور دعوتی میدان میں آپ کا علمی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا مرحوم نے امت کے اتحاد، خیرخواہی اور باہمی ہم آہنگی کے لیے بھی قابلِ قدر کوششیں کیں۔ ان کی خطابت، وسعتِ مطالعہ، فکری گہرائی اور بے باکی اہلِ علم کے درمیان ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی رہے گی۔ ان کی وفات سے جو علمی خلا پیدا ہوا ہے، اس کا پُر ہونا آسان نہیں۔
ڈاکٹر سراج الدین ندوی نے مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین، تلامذہ اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی رحمہ اللہ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی حسنات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔
مذکورہ اطلاع میڈیا انچارج انجینئر محمد دانش نے جاری ایک پریس ریلیز میں دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے