راشد عمری
خواب آنکھوں میں سجائیں گے چلے جائیں گے
تیرگی دل کی مٹائیں گے چلے جائیں گے
تیری آنکھوں میں جو دیکھا ہے محبت کا جہاں
اس جہاں کو ہی بھلائیں گے چلے جائیں گے
جن حسیں پھولوں نے مہکایا ہے سارا گلشن
ان کو پلکوں پہ سجائیں گے چلے جائیں گے
زندگی تجھ سے محبت کا بھرم رکھنا ہے
تیرے ہر غم کو چھپائیں گے چلے جائیں گے
ہم نہ گھبرائیں گے ہوں لاکھ اندھیرے ہر سو
ہر طرف شمع جلائیں گے چلے جائیں گے
جو بھی نفرت کے بیاباں میں کھڑے ہیں اب تک
پیار ان سب کو سکھائیں گے چلے جائیں گے
ہم نہ جھکنے کا ارادہ لیے نکلے راشد
اپنی خودداری بچائیں گے چلے جائیں گے
