مرکز السلام التعلیمی الخیری تلسی پور میں جماعت کے باوقار علمائے کرام کی تشریف آوری اور پرجوش استقبال

 

منصور احمد مدنی

_____________________

سلام ایجوکیشنل اینڈ ویلیفیر سوسائٹی ، تلسی پور، بلرام پور (یوپی) کے صدر مولانا منصور احمد مدنی نے بتایا کہ اخوان جماعت کو یہ خبر دیتے ہوئے مجھے انتہائی مسرت و شادمانی حاصل ہورہی ہے کہ مورخہ :3/8/23 بروز جمعرات جماعت کے بزرگ عالم دین اور مركز تحفيظ القرآن والدعوة والتعليم کے صدر جناب مولانا عبدالقدوس مدنی، جامعة خديجة الكبرى، کرشنانگر، نیپال کے مفتی و شیخ الحدیث مولانا مطیع اللہ مدنی، ڈاکٹر محمد مصطفی ریاضی اور عالی جناب وسیم خاں صاحبان ہمارے سلام ایجوکیشنل اینڈ ویلیفیر سوسائٹی پر تشریف لائے اور مجھے میزبانی اور ضیافت کا موقع دیا، میدان علم و دعوت کے یہ آفتاب و ماہتاب سب سے پہلے عزیز گرامی اسامہ سلمہ کی خواہش اور اصرار پر میرے غریب خانے پر تشریف لے گئے،حسب سہولت و آسانی میری ضیافت کو شرف قبولیت بخشی،میری علمی و جماعتی کوششوں کو نظر استحسان سے دیکھتے ہوئے ڈھیر ساری دعائیں دیں، جس سے مجھے آئندہ کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور عزم و حوصلوں کو توانائی ملی۔

"سلام ایجوکیشنل اینڈ ویلیفیر سوسائٹی” کے زیرانتظام” طاہرہ گرلز انٹر کالج، فوزان پبلک اسکول اور مدرسہ عبداللہ بن مسعود لتحفيظ و تجويد القرآن الكريم کا دورہ کرایا گیا، ان اداروں کے قیام کے بنیادی اہداف ومقاصد اور تعارفی کلمات کے درمیان ان کے نمایاں خصوصیات و امتیازات سے جب مہمانان گرامی کو آگاہ کیا گیا تو داد و تحسین کے ساتھ دعائیں دے رہے تھے، طاہرہ گرلز کالج میں فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، ہوم سائنس اور کمپیوٹر کا الگ الگ لیب، سائنس، آرٹ اور کامرس تینوں سائیڈ کی سرکار سے منظوری کے علاوہ نمازِ ظہر کی ادائیگی کے لیے اضافی وقت و جگہ کا بھی انتطام ہے۔ شعبہ تحفیظ کے بچوں کی تلاوت،بستر، الماری اور دیگر سہولیات کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے،قدم قدم پر استاد گرامی محسن جماعت مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کا ذکرخیر آتا رہا جن کی مخلصانہ دعاؤں اور شبانہ روز کاوشوں سے میرا ہرخواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے، میری ذاتی زندگی اور ان مراکز کے قیام میں ان کی بے لوث قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اللہ انہیں غریق رحمت اور کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، آمین۔

سلام ایجوکیشنل کے زیرنگرانی تینوں تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے اپنا تعلیمی و ثقافتی پروگرام منعقد کیا جس میں ہمارے محترم مہمانان گرامی شریک ہوئے، طلبہ و طالبات کی بزبان اردو ،انگریزی تقریروں اور نظموں کو سماعت کرکے بے حد خوش ہوئے، حوصلہ افز تبصرے کئےاور ان کے تابناک و روشن مستقبل کے لیے ڈھیر ساری دعائیں دیتے ہوئے ہر ایک نے اپنے گراں قدر توجیہی و نصیحتی کلمات سے نوازا، محنت سے علم حاصل کرنے کی تلقین بھی کی، ذمہ داروں کے عمدہ نظم و نسق، حسن انتظام، صفائی و ستھرائی اور بہتر معیار تعلیم کی جم کر تعریف کی بطورِ خاص ادارہ کے بانی و صدر مولانا منصور احمد مدنی کی ناقابل فراموش خدمات کو بہت یاد کیا گیا۔

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی اپنی ذاتی وجماعتی مصروفیت کی وجہ اس پروگرام میں شرکت کرنے قاصر رہے جن کی بہت کمی محسوس کی گئی۔

تعلیمی اداروں کے دورے اور تعلیمی جائزہ کے چند لمحوں کے بعد ہماری جماعت کے یہ درخشاں ستارے اپنی یادوں اور محبتوں کے ساتھ دعائیں دیتے ہوئے ہم سے جدا ہوگئے-

ہمارے ان معزز مہمانوں کے استقبال وضیافت میں، اسامہ منصور، نگراں مرکز السلام التعلیمی الخیری، مولانا محمد الیاس سلفی، پرنسپل فوزان پبلک اسکول، شبیر حسن، پرنسپل، حافظ عبدالرحیم فیضی، حافظ فیروز احمد عثمانی، حافظ محمد احمد عثمانی اور محمد اسلم مینیجر سلام ایجوکیشنل اینڈ ویلیفیر سوسائٹی سایہ کی طرح لگے رہے اور خوب خوب تکریم کی-

اللہ ہمارے ان مشائخ کی علمی، دینی، دعوتی اور تمام تر خدمات میں دوام و استحکام عطا فرمائے اور مجھے مزید کارخیر کی توفیق ارزانی عطا فرمائے، آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے