شہرت گڑھ (سدھارتھ نگر): مورخہ ۱۰ اگست ۲۰۲۳ء بروز جمعرات بعد نماز عشاء ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے زیر سرپرستی اور جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے زیر اہتمام حلقہ شہرت گڑھ کے دو مختلف مواضعات میں پوری سادگی کے ساتھ نصف شبی دعوتی و اصلاحی اجلاس عام کا انعقاد عمل میں آیا۔

مسجد بلال گنجہڑا، مہتھا بازار، شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر میں پروگرام کی صدارت جماعت کے معروف عالم دین اور ملک نیپال کے مرکزی دانش گاہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر کے موقر استاد شیخ وصی اللہ عبد الحکیم مدنی حفظہ اللہ ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر نے کی جب کہ نظامت کا فریصہ حلقہ شہرت گڑھ کے ناظم مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی استاد المعھد الاسلامی انوار العلوم گنجہڑا نے انجام دیا۔ ناظم محترم نے جمعیت کے مشن اور اس کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوۓ دعوت کا فائدہ اور اس کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوۓ دعوت الی اللہ میں آنے والی پریشانیوں کا بھی سرسری جائزہ پیش کیا انھوں نے اپنے افتتاحی کلمات میں جمعیت اہل حدیث کے اغراض و مقاصد کو بڑے ہی نرالے انداز میں بیان کیا بعدہ تلاوت، حمد و نعت نبی ﷺ کا سلسلہ چلا اور پھر خطابت کا دور شروع ہوا جس کے پہلے مقرر جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے نائب ناظم اور علاقہ کے مشہور منہجی ادارہ المعھد الاسلامی بحر العلوم انتری بازار کے پرنسپل شیخ عبد الرشید سلفی نے ایک حساس موضوع تربیت اولاد پر اختصار کے ساتھ روشنی ڈالی معاشرہ میں بچوں کے بگڑنے کی اصل وجہ اور خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے اپنی اولاد کے تئیں فکر مند ہونے پر ابھارا۔ اس کے بعد صدر مجلس شیخ وصی اللہ مدنی حفظہ اللہ نے قران و سنت کی روشنی میں توبہ و استغفار کی اہمیت پر تفصیلی اور مدلل خطاب فرمایا آپ نے اپنے خطاب میں انبیاء علیہم السلام کا ذکر کرتے ہوۓ ان کے توبہ کی طرف بھی اشارہ کیا کہ وہ عبادت گزار ہونے کے باوجود اکثر اللہ سے توبہ کیا کرتے تھے جب کہ ہم تو گناہوں میں ڈوبے ہوئے ہیں اس لیے ہماری ذمے داری بنتی ہے کہ ہم بھول چوک ہو جانے یا اپنی کمیوں اور کوتاہیوں کے لیے اللہ تعالی سے توبہ کریں۔

بعدہ مولانا عبد الحکیم فیضی حفظہ اللہ نے خواتین ملت اسلامیہ کے طرزِ معاشرت کے موضوع پر ولولہ انگیز خطاب کیا۔

پروگرام کے آخری خطیب محترم شیخ بدرالدین ریاضی حفظہ اللہ پرنسپل المعھد المعھد الاسلامی انوار العلوم گنجہڑا نے مختصر طور پر وعظ و نصیحت کرتے ہوئے لوگوں کو علمائے کرام کے بیانات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائے اختتام مجلس کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا اعلان فرمایا۔

جب کہ جمعیت کا دوسرا دعوتی پروگرام سرزمین نکتھر، شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر میں ہوا جس کی صدارت جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے امیر محترم شیخ شفیع اللہ مدنی حفظہ اللہ نے فرمایا اور نظامت کا فریضہ مولانا جاوید احمد الجامعی حفظہ اللہ نے انجام دیا۔ پہلا خطاب مولانا شہاب الدین سراجی حفظہ اللہ نے غصہ کے موضوع پر پیش کیا، اس کے بعد جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے نائب ناظم شیخ سعود اختر سلفی حفظہ اللہ نے ابتلاء و کے موضوع پر ولولہ انگیز خطاب کیا اور پھر صدر مجلس شیخ شفیع اللہ مدنی حفظہ اللہ فکر آخرت کے موضوع پر تفصیلی خطاب پیش کیا۔ اس طرح اللہ رب العالمین کے فضل و کرم سے یہ دونوں پروگرام اختتام پذیر ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے