سدھارتھ نگر 31دسمبر(پریس ریلیز): ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی قیادت میں پانج رکنی وفد مولانا مطیع اللہ مدنی رکن جمعیت حلقہ بڑھنی، مولانا شفیع اللہ مدنی امیر جمعیت حلقہ شہرت گڑھ، مولانا جمشید عالم سلفی ناظم جمعیت حلقہ شہرت گڑھ مولانا عتیق الرحمن سراجی استاد جامعہ سراج العلوم جھنڈا نگر نے مورخ جماعت، بزرگ عالم دین اور زبان و قلم کے دھنی مولانا عبد الرؤف ندوی کے دولت کدہ بمقام تلسی پور میں مغرب سے قبل ان کی زیارت و ملاقات کی سعادت حاصل کی، آپ کاروان سلف کی گیارہویں جلد کے بعض مضامین کی پروف ریڈنگ کررہے تھے۔ باہمی تعارف کے بعد مجلس بے تکلفی میں تبدیل ہوگئی، ہر ایک کی خیر و عافیت، ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے نشاطات اور سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہوئی، دوران گفتگو آپ نے ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کی تاریخ مرتب کرانے کی خواہش ظاہر کی اور آپ نے مجھے اس بات کا حکم دیا کہ ادیب عصر اور جماعت کے باکمال قلم کار، بے مثال داعی و مدرس شیخ عبدالرحیم امینی صاحب سے گزارش کریں، وہ اس کام کے لیے سب سے موزوں اور مناسب رہیں گے، میں بھی ہرممکن علمی تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہوں۔
میں نے آپ سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی اس موضوع پر محترم امینی صاحب سے گفتگو کروں گا، اللہ کرے کہ ندوی صاحب کا یہ خواب جلد ہی شرمندہ تعبیر ہو جائے۔
مولانا موصوف ندوی صاحب نے اپنی بعض مولفات کاروان سلف، تاریخ اہلِ حدیث بلرام پور، اسلامی آداب معاشرت اور عبرت آموز تاریخی واقعات بطور ہدیہ دیا۔
اللہ آپ کو صحت وعافیت کے ساتھ اپنے حفظ وامان میں رکھے اور علمی و جماعتی خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ آمین۔
