اپریل 17 کو بیدر میں 6 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے
بیدر۔ 17؍ اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): کانگریس کے جواں سال امیدوار ساگرکھنڈرے (26سالہ) نے آج چہارشنبہ کو لوک سبھا انتخابات کے لئے ایک عظیم الشان جلوس کے ذریعہ اپناپرچہ ٔ نامزدگی داخل کیا۔ یہ جلوس نئی کمان اور بسویشور سرکل سے مبینہ طورپر شروع ہوا۔ یہاںسے ہزاروں افراد پر مشتمل جلوس نے ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچ کرپرچہ ء نامزدگی داخل کرنے میں ساگرکھنڈرے کاتعاون کیا۔ اورانہیں یقین دِلایاکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی جیت پکی ہے۔ ریٹرننگ افسر گوونڈریڈی ڈپٹی کمشنربیدر کے دفتر میں ساگرکھنڈرے اپنے والداور بیدر ضلع انچارج وزیر ایشورکھنڈرے ، وزیربلدیہ اور حج جناب رحیم خان ، سابق وزیر جناب راج شیکھرپاٹل ہمناآباد ، سابق رکن اسمبلی جناب اشوک کھینی کے ساتھ پہنچ کر اپناپرچہ ء نامزدگی داخل کیا۔ ان کاپرچہ ء نامزدگی بیدرکے ڈپٹی کمشنر گووندریڈی نے وصول کیا۔ بعدازاں ایک عظیم الشان جلسہ گنیش میدان میں منعقد ہوا۔ جہاں کانگریس پارٹی کے کام کاج، اس کامینی فیسٹو اور ملک کے حالات کے علاوہ برسراقتدار بی جے پی کے بارے میں کانگریس قائدین نے بات کی۔ سرکاری ذرائع کے بموجب بیدر-07 لوک سبھا حلقہ سے آج 17 اپریل کو جملہ 6 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں، جو کہ لوک سبھا عام انتخابات-2024 کا چوتھا دن ہے۔ساگر ولد ایشور کھنڈرے نے کانگریس پارٹی کے امیدوار کے طور پر پرچہء نامزدگی داخل کیا۔ غیر جماعتی امیدواروں کے طور پر، بل بھیم  ویرپا اُننے، بنسی لال ولد انگدراؤ پنڈری، شری دیوی زوجہ وجے کمار، شردھ ولد ویجناتھ اپاگندگے اور ڈاکٹردِنکر مورے نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اس طرح آج17؍ اپریل کو 6 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ 19؍ اپریل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 اپریل کو ہوگی۔ 22 ؍اپریل کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے دفتر نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ 16 ؍اپریل سے اب تک 17 امیدواروں نے کل 18 کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے