کاٹھمانڈو نیپال(14/جون 2024ء): سماج وادی مسلم سنگھ نیپال کے سابق صدر،مدرسہ اصلاح المسلمین گمہریا روتہٹ نیپال کے سابق مہتمم و ناظم تعلیمات اور جمعیت علماء نیپال کے مرکزی رکن مولانا محمد اسعد اللہ مظاہری نے قربانی کے پس منظر میں کہا کہ : یقینا اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ کے یہاں ہر عمل میں اخلاص مطلوب ہے اور قربانی بھی ایک مبارک عمل ہے،اس لیے قربانی میں بھی اللہ کو اخلاص مقصود ہے۔چناں چہ اگر کوئی شخص قربانی میں ریاکاری اور مکاری کرے گا،تو پھر اس کی قربانی رد کردی جائے گی اور اللہ کو ایسے شخص کی قربانی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ قربانی محض اللہ کی رضا کے لیے کرے۔اللہ کا ارشاد ہے:ترجمہ:اللہ کو نہ ان کا گوشت پہنچتا ہے،نہ ان کا خون ،لیکن اس کے پاس تمہارا تقوی پہنچاتا ہے۔(الحج:37)۔
مولانا نے کہا کہ: جو شخص قربانی کی استطاعت رکھتے ہوں،وہ ضرور قربانی کرے؛اس لیےکہ استطاعت کے باوجود قربانی نہ کرنے والوں کے لیے اللہ کے نبی کی سخت وعید ہے:’ جو شخص قدرت کے باوجود قربانی نہ کرے،وہ عید گاہ کے قریب بھی نہ آئے’۔ اتنی بڑی وعید کے بعد بھی اگر کوئی شخص قربانی سے اعراض اور انحراف کرتاہے،تو گویا اسے اللہ اور اس کے رسول سے کوئی محبت نہیں ہےاور ایسے شخص کو قربانی کا گوشت بھی دینا،میں مناسب نہیں سمجھتا ہوں۔
