بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): مقامی ادبی تنظیم "بزمِ مدنیؒ” کے زیرِ اہتمام ایک عظیم طرحی نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت قصبہ کے استاد شاعر مائل چوکھنڈوی نے کی اور نظامت کے فرائض مایہ ناز شاعر راشد ظہور نے انجام فرمائے اور مشاعرے میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر ذکی طارق بارہ بنکوی اور ظہیر رامپوری نے اپنی شرکت درج کرائی، نشست کا آغاز ارشد عمیر صفدر گنجوی کی نعت پاک سے ہوا اس کے بعد دئے گئے مصرع طرح
"آ چکا ہے رزق اس کا تیرے دستر خوان پر” پر باقاعدہ طور سے طرحی نشست کا دور شروع ہوا بہت زیادہ پسند کئے گئے کچھ اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں:
ہم بچالاۓ یہ دولت کھیل کر اس جان پر
ورنہ دنیا کی نگاہیں تھیں مرے ایمان پر
مائل چوکھنڈوی
تین انگلی اس پہ پہلے اٹھتی ہیں اے دوستو
ایک انگلی جو اٹھاتا ہے کسی انسان پر
بیڈھب بارہ بنکوی
جو کی روٹی، ہاتھ کا تکیہ، چٹائی بسترا
بادشاہی کی ہے میں نے اتنے سے سامان پر
ذکی طارق بارہ بنکوی
صاف کپڑے ہی سدا ہم نے کئے ہیں زیب تن
گرد لیکن آ گئی قرآن کے جزدان پر
اسلم سیدن پوری
دیجئے پہلے توجہ دین کے ارکان پر
لعنتیں پھر بھیجئے اس دور کے شیطان پر
سلیم ہمدم رودولوی
مالکِ ہندوستاں ہیں آپ جو چاہیں کریں
منحصر اچھا برا ہے آپ کے رجحان پر
دانش رامپوری
آس ٹوٹی جب بھی میری بچ نہیں پاؤں گا میں
جسم کا خیمہ ٹکا ہے خواہشوں کی تان پر
ظہیر رامپوری
منکشف ہونے لگے ہیں جب سے اسرارِ سخن
لفظ روشن ہوگئے ہیں فکر وجدان پر
شکیل آزاد رامپوری
کیا بتاؤں پھر کوئی ہوتا نہیں پرسانِ حال
وقت مشکل دوستو آتا ہے جب انسان پر
ہذیل لال پوری
بھیجتا ہوں میں درود آقا شہِ ذیشان پر
جن کا احساں ہے مرے نورانی سے ایمان پر
نازش بارہ بنکوی
آنچ جو آئے گی میرے ملک ہندستان پر
کھیل جاؤں گا قسم اللہ کی میں جان پر
آفتاب جامی
جس گھڑی محفل میں بے پردہ وہ آئیں گے رفیق
کون قائم رہ سکے گا اپنے پھر ایمان پر
راشد رفیق
آئے دن کوئی نہ کوئی گھیر لیتی ہے بلا
جانے کس منحوس کا سایہ ہے ہندستان پر
انور سیلانی
آ گیا تیرا سراپا بس خیالوں میں مرے
شعر جب کہنے لگا میں حسن کے عنوان پر
سحر ایوبی
اس طرح پشتِ نبی پر بیٹھے ہیں میرے حسین
جس طرح رکھا ہو اک قرآن اک قرآن پر
وکیل چوکھنڈوی
وہ تو احمد جا نہیں سکتا کبھی خلدِ بریں
انگلیاں جو بھی اٹھاتا ہے نبی کی شان پر
ابو ہریرہ احمد
منزلِ مقصود تک تم کو پہنچنا ہے اگر
با ادب چلتے رہو ماں باپ کے فرمان پر
نعیم سکندر پوری
دیکھ کر انسان کو انسان اب جلنے لگا
کیا تقاضہ ہے یہی انسان کا انسان پر
چٹک چوکھنڈوی
ان شعراء کے علاوہ راشد ظہور، ارشد عمیرصفدرگنجوی، حسن چوکھنڈوی، مصباح رحمانی، دلکش چوکھنڈوی، ابوذر انصاری، قمر سکندر پوری وغیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا اور شعراء و سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی نشست بہت ہی زیادہ کامیاب رہی۔ آخر میں بزمِ مدنیؒ کے جنرل سکریٹری راشد رفیق نے سبھی شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
