بر وفات حسرت آیات مرشد الامت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی علیہ الرحمۃ صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ وناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ
رفیع نعمانی پکڑی خرد مہراجگنج یوپی
شریعت کے علمبردار رابع حسنى ندوی تھے
غلامِ سیّدِ ابرار رابع حسنی ندوی تھے
پیامِ حق سُناتے تھے ہمیشہ ہى سبھى کو وہ
صداقت کى بڑى مینار رابع حسنی ندوی تھے
تھے رہبر پرسنل لاء اور ناظم ندوۃ العلماء
مسلماں کے سپہ سالار رابع حسنی ندوی تھے
ہميشہ غور فرماتے رہے ملِِّی مسائل پر
بڑے ملت کے اک غمخوار رابع حسنی ندوی تھے
کتابیں آپ کی درس نظامی کی جو زینت ہیں
قلم کے بہتریں شہکار رابع حسنی ندوی تھے
برابر قوم وملت کو دکھایا راستہ حق کا
کراتے سب کو ہی بیدار رابع حسنی ندوی تھے
سدا اسلام کی تبلیغ میں رہتے تھے آگے ہی
رہِ حق پر سدا تیّار رابع حسنی ندوی تھے
مسیحائى ملى تھی بو الحسن کی جا نشینى میں
اٹھائے جذبۂ ایثار رابع حسنی ندوی تھے
سلوک و معرفت میں تھے بلا شک مرشدِ اعلیٰ
طریقت میں بھی پر انوار رابع حسنی ندوی تھے
اداسی چھا گئی تکیہ کلاں رائے بریلى میں
یقیناً زہد سے سرشار رابع حسنی ندوی تھے
یوں ہی کرتے نہیں ہیں غم سبھی ان کے نہ ہونے کا
بلاشک قوم کی معمار رابع حسنی ندوی تھے
الہی !کرعطا رحمت کی بارش ان کی تربت پر
رفیع اک متقّی اخیار رابع حسنی ندوی تھے
