عبدالرحمن عمری کی اسپیشل رپورٹ
ریاض(سعودی عرب): سیاست میں دن بدن مسلمانوں کی نمائندگی کم ہوتی جارہی ہے یہ بات ممبر آف پارلیمنٹ راجیہ سبھا سماج وادی پارٹی نے کہی- وہ ریاض کے کراون پلازا ہوٹل میں 103ویں یوم تاسیس کی تقریب سے مخاطب تھے جس کا اہتمام جامعہ مليہ اسلاميہ الومنائی ایسوسی ایشن ریاض کی جانب سے 12 جنوری 2024 کو کیا گیا تھا- اس تقریب میں جاوید علی خان مہمان خصوصی اور پروفیسر عابد حلیم مہمان اعزازی کے طور پر شریک تھے- جاوید علی خان نے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے پاس سیاسی لیڈران ہوں جو مسلمانوں کے مسائل کو ایوان بالا میں اٹھا سکیں اور قانون سازی میں اہم رول ادا کرسکیں- سیاست میں کامیابی کے لیے زمینی سطح پر کام کرنا شرط اول ہے-

مہمان اعزازی نے اس بڑے اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے عرض کیا کہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جس سے مسلمان ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں- وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے ڈائرکٹر ہیں جس کا قیام اکتوبر 2010 میں ہوا- اس کوچنگ سے IAS اور IPS اور مختلف اعلی کلیدی عہدوں پر طلبہ فائز ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کلیدی مناصب پر فائز ہونا کوئی مشکل کام نہیں ہے، بلکہ تھوڑی سی محنت اور ہلکی سی لگن سے لوگ اپنے بچوں کو اس کی طرف رغبت دلا سکتے ہیں- انہوں نے کہا کہ جو لوگ سعودی عرب میں مقیم ہیں الحمد للہ وہ کافی اچھی پوزیشن اور اچھے مناصب پر فائز ہیں- وہ لوگ ہندوستان میں اپنی کمیونٹی کو آگے لانے میں مدد کریں-

تقریب کا آغاز قاری عبدالرحمن عمری کی قراءت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد طلبہ اور طالبات نے ترانہ جامعہ پیش کیا- صدر ایسوسی ایشن انجینئر سید غفران احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش گیا اور گل دستوں سے مہمانان کرام کا استقبال کیا گیا- تنظیم کے جنرل سکریٹری انجینیئر طارق امام نے ویب سائٹ کا اجرا کیا- پروفیسر سید سرور حسین نے اپنا پرمغز مقالہ "روشنی کا سفر” پیش کیا۔ نیز ان کی کتاب "دیوتا کا تیر” کا اجرا بھی عمل میں آیا- اس پروگرام کے معاونین اور کچھ جامعہ کے ہونہار لوگوں کو یادگاری میمنٹوز بھی پیش کیے گیے جن میں کرکٹ ٹیم کے کپتان معین خان، تعلیم کے میدان میں مصطفیٰ عابدی، سماجی خدمات کے میدان میں عبدالرحمن عمری اور شاکر جعفری قابل ذکر ہیں- اس موقع پر مہمان خصوصی کو صدر تنظیم انجینئر سید غفران احمد اور جنرل سکریٹری انجینئر طارق امام نیز مہمان اعزازی کو نائب صدر نیمو خان، جوائنٹ سکریٹری انجینئر متین عالم اور خزانچی محمد ہارون قاسمی نے یادگاری تمغے پیش کیے-
ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی اعظمی اور عبدالرحمن عمری نے پراثر نظامت کے فرائض انجام دیئے- محفل میں جامعہ الومنائی کی ایک کثیر تعداد، علیگ برادری اور مختلف تنظیموں کے عہدیداران وغیرھم موجود تھے- مجلس کے اختتام پر جامعہ کے نائب صدر نیمو خان نے ہدیہ تشکر پیش کیا-
