گلبرگہ ۔ 13؍اپریل (خواجہ فریدالدین انعامدار): چنگیری تعلقہ داونگیرہ ضلع، سنتے بنور گاؤں کے رہنے والے98 سالہ بزرگ جناب یعقوب صاب ریٹائرڈ گورنمنٹ انجینئر نے سنتے بنور گاؤں کے وسطی حصے میں موجود تقریباً 1 کروڑ روپے مالیت کی 18 گنٹہ زمین گورنمنٹ اُردو ہائیر پرائمری اسکول سنتے بنور کو ذاتی طور پر آج چنگیری تعلق آفس میں رجسٹرڈ کروائی اور اپنے خاندان کے ساتھ حاضری دی۔انہوں نے کہا کہ وہ خوشی سے یہ اراضی اردواسکول کو دے رہے ہیں۔ ان کے بچے جو بیرون ملک مقیم ہیں وہ بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہاکہ ہمارے والد کی خواہش کے مطابق ہم بھی خوشی سے حاضر ہیں، اس اسکول کو گود لے کر ہائی ٹیک سکول بنانے کے لیے نہ صرف زمین دی بلکہ ہر قسم کی مالی مدد بھی کرتے رہنے کا وعدہ کیا۔ رجسٹریشن کا عمل اور عطیہ دینے کرنے کے بعد بزرگ موصوف کو محکمہ تعلیمات عامہ کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا اور محب اردو ، سماجی و ملی ہستیوں سے اپیل کی گئی کہ جو لوگ تعلیم میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اور مخیرحضرات سرکاری اسکولوں کی ترقی اور مضبوطی کے لیے آگے آئیں۔

اس موقع پر تعلیمی افسران، اساتذہ، ایس ڈی ایم سی کے صدر و اراکین، انجمن اسلام کمیٹی کے اراکین، مقامی گاؤں والے، ضلع کراٹا تنظیم اور میوا تنظیم کے عہدیداروں نے بزرگ موصوف یعقوب صاحب کی اس خدمت کو سراہتے ہوئے تہنیت پیش کی اوراپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے