بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): اردو مرکز لندن کے سربراہ ڈاکٹر جاوید شیخ نے حال ہی میں شاٸع دو اہم کتابیں "تعبیر یوسفی” مؤلفہ خلیل الرحمن ایڈوکیٹ اور "دیوان اقبال” مرتبہ پروفیسر اخلاق آہن کے اجراء کا اہتمام کیا ۔ مہمان خصوصی شہرہ آفاق شاعر و ادیب افتخار عارف صاحب نے دونوں کتابوں کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی ۔ تعبیر یوسفی کے حوالے سے اپنی تقریر کے دوران انھوں نے کہا کہ ادبی حلقہ خلیل الرحمن ایڈوکیٹ کے اس اہم تنقیدی کارنامہ کے لئے ان کا مشکور ہے۔ کیوں کہ یوسفی کے فن اور ان کے اسلوب کے حوالے سے سنجیدہ تنقیدی تحریر کا فقدان ہے اور یہ اس لحاظ سے بیحد اہم کام ہے ۔
انھوں نے کہا کہ "دیوان اقبال” کی اشاعت اقبالیات اور اقبال شناسی میں ایک اہم اضافہ ہے ۔ اخلاق آہن ہمارے عہد کے اہم محقق ہیں اور اس تحقیقی کام کے پیش نظر یقین سے کہا جا سکتاہے کہ اسے بیحد مقبولیت حاصل ہوگی ۔ ڈاکٹر فاطمہ حسن نے اسے نصاب میں شامل کرنے کی بات کہی۔
ساتھ ہی ڈاکٹر جاوید شیخ، پروفیسر اخلاق آہن، ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹر یشب تمنا، ڈاکٹر یوسف ابراہیم نے دونوں کتابوں کی ادبی و علمی ارزش و اہمیت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی اور متعلقہ سوالات کے حوالے سے دونوں صاحبان کتب نے جوابات دیئے ۔ اس پروگرام میں بڑی تعدادمیں لندن میں مقیم شائقین علم و ادب نے شرکت کی، ان بطور خاص معروف کرکٹر یاسر عرفات، ڈاکٹر حسینہ شیخ، گیتی عارف، کامران ، علی عارف، فاطمہ شیخ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ان دونوں کتابوں کو نامک پبلیکشنز، دہلی نے بڑے اہتمام سے شاٸع کیا ہے ۔
