بھیونڈی: جمعیت علماء الہاس نگر کے اراکین نے حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب دامت برکاتہم اور مفتی حفیظ اللّٰہ حفیظ قاسمی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے دونوں شخصیات کو گلدستے پیش کرکے اور شال اوڑھا کر ان کے نئے عہدوں پر فائز ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کو جمعیت علماء مہاراشٹر کے صدر منتخب ہونے اور مفتی حفیظ اللّٰہ حفیظ صاحب کو جمعیت علماء ضلع تھانے کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ شرکاء نے ان دونوں عظیم شخصیات کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں جمعیت علماء مزید مضبوط ہوگی اور دین و ملت کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے جمعیت علماء الہاس نگر کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہدہ ان کے لیے ایک عظیم ذمہ داری ہے، اور وہ اللہ تعالیٰ کی توفیق اور تمام اراکین کے تعاون سے اسے نبھانے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے اتحاد و اتفاق اور دینی تحریکات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
مفتی حفیظ اللّٰہ حفیظ صاحب نے بھی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع تھانے میں جمعیت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو دین کے ساتھ جوڑنے اور سماجی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران جمعیت علماء الہاس نگر کے مختلف منصوبوں اور درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کی ہر ممکن رہنمائی اور تعاون فراہم کریں گے۔
یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب اور مفتی حفیظ اللّٰہ حفیظ صاحب کو دین و ملت کی خدمت میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔
الہاس نگر سے جانے والے وفد میں صدر جمعیت علماء الہاس نگر جناب ابو ہاشم خان عرف مُنّا بھائی، جنرل سیکرٹری جناب حضرت مولانا جاوید احمد قاسمی، رہبر جمعیت علماء الہاس نگر جناب حضرت مولانا اسماعیل قمر صاحب، نائب صدر محمد عارف شیخ، جائنٹ جنرل سیکرٹری جناب قاری محمد شاداب خان و فرحان خان کے ساتھ ساتھ خازن جمعیت علماء الہاس نگر ابو زید خان موجود تھے۔
