سیف الاسلام مدنی

پکھرایاں (پریس نیوز): بس کچھ ہی دنوں کے بعد دہلی میں اسمبلی کا الیکشن ہونے جارہا ہے، سبھی پارٹیاں اور سبھی امیدوار اپنی کامیابی کے لئے جی توڑ کوشش کررہے ہیں، جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی صاحب بھی اس بار اوکھلا، اور مصطفٰی باد سے اپنے امیدوار میدان میں لارہے ہیں، اوکھلا سے جناب شفاءالرحمٰن صاحب اور مصطفٰی باد سے جناب طاہر حسین صاحب دعویداری پیش کررہے ہیں، ان دونوں ہی حضرات میں قوم کے لئے کام کرنے کا جذبہ ہے اور دونوں نے ہی مشکل وقت میں قوم کے لئے بڑی قربانیاں پیش کی ہیں۔ سرکاری محکمہ نے ان دونوں لوگوں کو ناکردہ جرائم کے سلسلے میں جیل میں رکھا ہوا ہے، صرف اس بات پر کہ یہ لوگ حق کی آواز اٹھانے والے ہیں اور ملت کے غمخوار ہیں، ملکی سطح پر مسلمانوں کے ساتھ جو ناروا سلوک اختیار کیا جارہا ہے، وہ ظاہر ہے۔ اس لئے جناب اسد الدین اویسی صاحب کا ان لوگوں پر بھروسہ کرنا انتہائی غیر معمولی ہے۔ اب اوکھلا اور مصطفٰی باد کی عوام کو طے کرنا ہے کہ وہ اس بہترین موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں بلکہ جی کھول کر مجلس کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ مجلس کے ذمہ دار اپنی ایمان داری اور غیر معمولی کارناموں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، پوری قوت اور ہمت کے ساتھ مظلوموں کی آواز کو اٹھاتے ہیں، ہیلتھ اور رفاہی کاموں کو بخوبی انجام دیتے ہیں، زمینی سطح پر بلا تفریق مذہب و ملت سبھی کے کام آتے ہیں۔ قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، ظلم کے خلاف بولتے ہیں اور اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے آواز بلند کرتے ہیں۔ آج کے اس ستم زدہ دور میں سیاست کا معیار انتہائی گر چکا ہے، کرسی اور اقتدار حاصل کرنے کے لئے سیاسی حضرات اور سیاسی جماعتیں کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں، ظلم و ستم کا بازار گرم کیا جاتا ہے، ناحق لوگوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، اس لئے بطور باشندگان ہند اور خاص کر دہلی کی عوام کو سمجھنا ہے کہ وہ کس طرف جانا چاہتے ہیں؟ ظلم اور انارکی کی طرف یا پھر انصاف اور فلاحی کاموں کی طرف؟ میں اوکھلا اور مصطفٰی باد کی عوام سے بلا تفریق مذہب و ملت اپیل کرتا ہوں کہ سبھی لوگ ان دونوں امیدواروں کو کامیابی دلائیں اور بہترین سیاسی راہ ہموار کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے