برادران اسلام!
الحمد للہ! رمضان المبارک کا متبرک ومقدس مہینہ ہمارے سروں پر سایہ فگن ہوچکا ہے۔ اس عظیم مہینے کے آغاز پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو اس کے آنے کی بشارت سناتے اور انھیں مبارک باد دیتے۔ جیسا کہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان المبارک کی آمد کی بشارت سناتے ہوئے فرمایا: "تمھارے پاس ماہِ رمضان آچکا جو کہ بابرکت مہینہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تم پر اس کے روزے فرض کیے ہیں۔ اس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردیے جاتے ہیں اور اس میں سرکش شیطان جکڑ دیے جاتے ہیں اور اس میں اللہ کی ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ جو شخص اس کی خیر سے محروم رہ جائے وہی دراصل محروم ہوتا ہے۔”(صحيح/سنن نسائی)
یہ خیر و برکت، جود و سخا، نزول کلامِ ربانی، خوفِ الہی، ہمدردی و غم خواری اور انسانیت نوازی کا مقدس مہینہ ہے، اللہ رب العالمین کا بے پایاں شکر و احسان ہے کہ اس نے ہمیں فضائل و برکات سے لبریز یہ متبرک اور مہتم بالشان مہینہ عطا فرمایا۔ اس مبارک مہینے کی آمد کی خوشی میں ہم دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اللہ رب العالمین کے شکر گزار ہیں اور اس کی حمد و ثنا بیان کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں زندگی میں ایک بار پھر اس مبارک مہینے سے نوازا اور زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا زریں موقع مرحمت فرمایا۔
اس مبارک موقعے پر ہم تمام عالم اسلام بالخصوص وطن عزیز ہندوستان کے مسلمانوں کو مبارک بادی پیش کرتے ہیں اور یہ امید کرتے ہیں کہ اس مبارک مہینے کی ہم قدر کریں گے زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کی کوشش کریں گے۔
تراویح، تلاوتِ قرآن پاک، توبہ و استغفار، صدقہ و خیرات، ذکر و اذکار کا خصوصی اہتمام کریں گے اور اپنی دعا و مناجات میں تمام مجبور و مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھیں گے۔
ہم بصد احترام تمام مسلمانوں سے گزارش کرتے ہیں کہ رمضان المبارک کی متبرک ساعتوں کی قدر کریں، اپنے اوقات کو لایعنی اور فضولیات میں ضائع نہ کریں۔ پورے خشوع و خضوع اور خلوص وللہیت کے ساتھ اللہ کی عبادت میں منہمک رہیں اور اپنے مجبور و بے سہارا مسلمانوں کا خیال رکھیں، ان کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
مساجد میں باجماعت نمازوں کا اہتمام کریں، سحری کے موقعے پر جہاں تک ہو سکے بیدار ہونے کے لیے سنت متروکہ اذان دینے کی سنت کو زندہ کریں، یا موبائل کے الارم پر انحصار کریں اور اگر مسجد میں اہل قریہ کو جگانے کا اہتمام بھی ہو تو بس اعلان کرنے پر اکتفا کریں، شعر و شاعری کے ذریعے اپنوں اور بیگانوں کو ڈسٹرب نہ کریں اور اپنی جانب سے کسی قسم کی بدنظمی یا اختلاف و انتشار برپا نہ کریں اور اپنے قول و کردار سے کسی کو بھی شکایت کا موقع فراہم نہ کریں۔ اللہ ہم تمام مسلمانوں کے صیام، قیام، طاعات وعبادات، صدقہ وخیرات اور دیگر اعمال صالحہ کو قبول فرمائے اور ہر قسم کی آفات و بلیات اور مہلک ووبائی بیماریوں سے تا ابد محفوظ رکھے۔ آمین!
ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے تمام عہدے داران، ذمہ داران، کارکنان اور ارکان شوریٰ وعاملہ کی جانب سے آپ تمام فرزندانِ توحید کو رمضان المبارک کی خوشیاں مبارک ہوں۔
طالب دعا
(مولانا) محمد ابراہیم مدنی
(امیر جمعیت)
وصی اللہ عبدالحکیم مدنی
(ناظم جمعیت)
