مکرمی! برادران وطن کے تہواروں میں سب سے سنجیدہ و پر وقار تہواردیوالی ہے، جہاں ہر طرف سکون و راحت کا ماحول ، پیار ومحبت اور اخلاق و ہمدردی کے گلستے نظر آتے ہیں، تو اس کے بر عکس ہولی ایک ایسا تہوار ہے جس میں جاہل قسم کے برادران وطن بد تمیزی کی ساری حدیں پار کر جاتے ہیں، ِجس کے نتیجہ میں فرقہ وارانہ فسادات ہوتے ہیں جائداد، و دوکان گھر و مسجد اور شو روم کو جلا کر خاکستر کر دیا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں معصوم جانیں بھی تلف ہوجاتی ہیں، یہ صورتحال کسی بھی ملک کیلئے ایک خطرہ کی گھنٹی ہے۔
مگر اس مرتبہ ایک ایسا منظرـ’’سیلم پور دہلی ‘‘ سے دیکھنے میں آیا کہ برادران وطن خود رنگ میں شرابور ہیں مگر اپنے مسلم بھائیوں پر پھولوں کی پنکھڑیاں نچھاور کر رہے ہیں، یہ ہے انسانیت کی قدر، اگر ان محب وطن و محب انسانیت برادران وطن سے اس فقیر کی ملاقات ہوجاتی تو میں اپنا عمامہ ان کے قدموں میں ڈال دیتا، آج ہمارے ملک کو ایسے معزز شہریوںکی ضرورت ہے واقعی یہ حضرات قابل مبارکباد ہیں اور ان کا یہ غیر معمولی کردار قابل تحسین ہے اس سے دیگر برادران وطن کو نصیحت حاصل کرنی چاہئے اور ملک کا ماحول ایسا بنانا چاہئے ، اگر پیار ومحبت عام ہوجائے، اخلاق و ہمدردی کابول بالا ہوجائے تو آج بھی ہمارا یہ عظیم ملک سونے کا چڑیا بن سکتا ہے۔
مولانا اے۔کے۔ رحمانی
قومی نائب صدر مسلم پولیٹیکل کونسل آف انڈیا
حجاز منزل، کسیا ، کشی نگر
