اخیرعشرہ میں ہماری ذمہ داریاں پیرجی حافظ حسین
سہارنپور(احمد رضا): اللہ تعالیٰ نے امتِ محمدیہ پر بے شمار انعامات فرمائے ہیں، جن میں سے ایک عظیم نعمت ماہِ رمضان ہے۔ یہ مبارک مہینہ اپنی تمام تر برکتوں، رحمتوں اور فضیلتوں کے ساتھ گزر رہا ہے، اور اب ہم اس کے آخری عشرے میں داخل ہورہے ہیں رسول اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کے تین عشروں کو رحمت، مغفرت اور جہنم سے آزادی کے حصوں میں تقسیم فرمایا ہے، اور آخری عشرے کو جہنم سے نجات کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اس عشرے کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ایک ایسی بابرکت رات یعنی لیلۃ القدر ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے۔۔۔۔
"لیلۃ القدر خیر من الف شہر” (القدر: 3) (شبِ قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کے لئے خصوصی اہتمام فرماتے تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:
"جب رمضان کا آخری عشرہ آتا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کمر کس لیتے، راتوں کو عبادت میں جاگتے اور اپنے گھر والوں کو بھی عبادت کے لئے جگاتے۔” (بخاری و مسلم)
یہ عشرہ خصوصی عبادات، ریاضت، استغفار اور اللہ سے قربت حاصل کرنے کا سنہرا موقع ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس عشرے میں اعتکاف کا خصوصی اہتمام فرماتے تھے، اور ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اس سنت پر عمل کریں اور خود کو دنیاوی مشاغل سے الگ کرکے اللہ کی یاد میں مشغول ہوجائیں۔
*لیلۃ القدر کی تلاش اور اس کی برکات*
اللہ تعالیٰ نے لیلۃ القدر کو مخفی رکھا ہے تاکہ بندے اس کی جستجو میں پورے آخری عشرے کی راتوں کو عبادت میں گزاریں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"لیلۃ القدر کو رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں (21/23/25/27/29) میں تلاش کرو۔” (بخاری)
یہ رات بے پناہ برکتوں والی ہے، جس میں دعا، ذکر، تلاوتِ قرآن اور عبادات کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ اگر ہمیں یہ رات نصیب ہو تو کیا دعا کریں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اس دعاء کو پڑھیں
اللّٰھمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ العَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی (اے اللہ! تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند فرماتا ہے، پس مجھے معاف فرما دے۔) (ترمذی)
ہماری ذمہ داریاں
اس مبارک عشرے میں ہمیں درج ذیل باتوں کا خاص اہتمام کرنا چاہئے:
1. نمازِ تہجد، تلاوتِ قرآن اور دعا کا اہتمام کریں۔
2. زیادہ سے زیادہ استغفار اور درود شریف پڑھیں۔
3. صدقہ و خیرات خصوصاً زکوۃ اور فطرہ کی ادائیگی اور مستحقین کی مدد کریں۔
4. اعتکاف کی سنت ادا کریں، اگر ممکن نہ ہو تو کم از کم مسجد میں زیادہ وقت گزاریں۔
5. شبِ قدر کی تلاش میں آخری عشرے کی طاق راتوں میں زیادہ عبادت کریں۔
6. اللہ تعالیٰ سے اپنے اور امتِ مسلمہ کے لیے مغفرت اور بھلائی کی دعائیں کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے، شبِ قدر کی سعادت پانے اور اپنی بخشش کروانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!
