بیدر۔ 22؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): شہر بیدر کے مختلف مقامات خصوصاً مساجد کے سامنے قدآدم ہورڈنگ نما بیانر لگائے گئے ہیں۔ جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی بیدر (نامی کمیٹی) نے اپیل کی ہے کہ وقف قانون کے خلاف احتجاجی ریلی کا24؍اپریل 2025؁ء بروزجمعرات بوقت صبح 10؍بجے بمقام جامع مسجد بیدر سے آغاز ہوگا۔ اپیل کے اہم پیغام میں کہاگیاہے کہ ’’پارلیمان سے منظورکردہ وقف قانون ، آئین ِ ہند کے سراسر مخالف ہے۔ اسی لئے پورے ملک میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور دیگر ملی تحریکوں وتنظیموں کے تعاون واشتراک سے اس قانون کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ لہٰذا تمام مسلمانان بیدر (شہروتعلقہ جات) سے دردمندانہ اپیل کی جاتی ہے کہ طے شدہ ریلی میں کثیرتعداد میں شرکت کریں اور کاروباری وتجارت پیشہ افراد اس دن کم ازکم آدھے دن اپنے کاروبار کو بند رکھیں۔اللہ ہماری کوششوں کو کامیاب کرے۔ آمین ‘‘ نیچے ’’منجانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی بیدر ‘‘ لکھا ہواہے۔مساجد کے سامنے جگہ جگہ بیانر لگا کراطلاع دینے کاسلسلہ فائدہ مند ہے۔ لیکن وقف کے نئے ترمیمی قانون کے خلاف ہونے والی اس احتجاجی ریلی میں یہ نہیںبتایاگیاہے کہ جامع مسجد بیدر سے ریلی کاآغاز ہوگا تو یہ احتجاجی ریلی آخر جائے گی کہاں اور اس کااختتام کہاں ہوگا؟یہ احتجاجی ریلی ہے تو ظاہر بات ہے احتجاج ضرورہوگا۔ تو احتجاج کس مقام پر ہوگا؟اس کی کوئی وضاحت نہیں ہے۔ آدھے ادھورے پیغام دینااور یہ سمجھنا کہ سب کچھ معلوم ہوجائے گا ، کہیں نہ کہیں سے ، یہ ایک طرح کی تساہلی کہلائے گی۔ دیگر جگہوں پر بھی ہم نے دیکھاکہ لکھاہےStart from jama masjid Bidarتوپھرسوال یہ ہے کہ کہاں جاکرEnd ہوگا؟اس مقام کانام کیاہے ؟جو قومیں منظم ہوتی ہیں وہ پوری طرح منظم ہوتی ہیں۔ اپناواضح پیغام رکھتی ہیں۔ اس احتجاجی ریلی میں نظم وضبط اورواضح پیغام کی کمی دیکھی گئی ۔جس کے حوالے سے بے چینی بیدر کی مسلم عوام میں دکھائی دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے