محمد زاہد رضا بنارسی 

دارالعلوم حبیبہ رضویہ گوپی گنج۔ بھدوہی
عشقِ سرکارِ مدینہ سے بڑی کیا چیزہے
مل گئی ان کی غلامی سروری کیا چیز ہے؟
حضرتِ حسّان سے پوچھو بتائیں گے تمہیں
نعتِ پاکِ مصطفٰی کی شاعری کیاچیز ہے؟
سوچو جب اس کی زیارت کو ملائک آتے ہیں
شہرِ شاہِ بحر و بر کی دلکشی کیا چیز ہے؟
تب سمجھ میں آیا جب اس در سے سب کچھ پالیا
روضۂ خیر الورٰی کی حاضری کیاچیز ہے؟
سر زمینِ کربلاسے آرہی ہے یہ صدا
بات جب آجائے دیں کی  زندگی کیا چیز ہے؟
حشر میں جب فیصلہ ہوگا پتہ چل جائے گا
غوث و خواجہ اور رضا کی دشمنی کیا چیز ہے؟
میرے خواجہ کے کھڑاؤں نے کہا جے پال سے
کچھ سمجھ میں آیا تجھکو سنجری کیا چیز ہے؟
آج تک تحقیق ان کی ہو نہ پائی کامراں
فلسفی حیران ہیں حاجی علی کیا چیز ہے؟
کہہ دیا تعظیمِ آقا کے لیے گہری ہوقبر
پوچھیے احمد رضا سے عاشقی کیا چیز ہے؟
عظمتِ مہمانِ کعبہ کیا بیاں”زاہد” کرے
پوری دنیا جانتی ہے ازہری کیا چیز ہے؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے