بیدر۔ 27؍اپریل ۔(پریس نوٹ): 28؍اپریل بروزپیر صبح 10؍بجے تاریخی جامع مسجد سے وقف امینڈمنٹ قانون کے خلاف نکالے جانے والی احتجاجی ریلی کوپرامن طریقے سے منانے کی بیدر ضلع کے شہریوں سے محمدفراست علی ایڈوکیٹ صدرنشین کاروانِ ادب ومرکزی رحمت ِ عالم کمیٹی ضلع بیدر نے اپیل کی ہے۔ انھوں نے اپنے تازہ صحافتی بیان میں کہاہے کہ اپنے جائز مطالبات کو لے کرپرامن طریقے سے احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے اور فرض بھی۔ ہندوستان بھر میں این ڈی اے حکومت کے وقف امینڈمنٹ ایکٹ کے خلاف احتجاج اور پرامن مظاہرے ہورہے ہیں جہاں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں کے ساتھ غیرمسلم احباب شریک ہورہے ہیں۔ ہمارا جمع ہونا ہمارے لئے اورہندوستان کے لئے باعث خیر ہو۔ کوئی غلط حرکت نہ کی جائے۔ وہی نعرے لگائے جائیں جو پہلے سے طے ہیں۔ ایک دوسرے کے لئے سہارا بنیں۔ساتھ چلیں ۔ اور قابل احترام وقف شرعی حکم کے خلاف بنائے گئے نئے وقف ترمیمی قانون کو ختم کرکے دم لیں۔ فراست علی ایڈوکیٹ نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں کے مطالبات کو پوراکرتے ہوئے نوزائیدہ وقف ایکٹ کو کالعدم قرار دیں۔

