بیدر۔ 11؍ جولائی(شاہ شاروق قادری): مادیگا دنڈورا یگا ریزرویشن اسٹرگل کمیٹی کے ریاستی ورکنگ صدر فرنانڈس ہپلگاؤں نے ریاستی حکومت کو 31؍ جولائی کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس تاریخ تک مادیگا طبقے کے لیے اندرونی ریزرویشن نافذ نہ کیا گیا تو ریاست گیر سطح پر سخت احتجاج کیا جائے گا۔ضلع پریس بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی کانگریس حکومت اندرونی ریزرویشن کے نفاذ میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ سدرامیا نے چالیس دن کے اندر سائنسی بنیاد پر سروے مکمل کرکے ریزرویشن نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر فیصلے کو آئے ہوئے ایک سال ہونے کو ہے اور اب تک کوئی عملی اقدام نہیں ہوا۔
فرنانڈس ہپلگاؤں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے 31 ؍جولائی تک اندرونی ریزرویشن کا نفاذ نہ کیا تو مادیگا برادری کی جانب سے گووند کارجول اور اے نارائن سوامی کی قیادت میں ریاست گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ ساتھ ہی آئندہ تعلقہ و ضلع پنچایت انتخابات میں کانگریس پارٹی کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔اس موقع پر تنظیم کے نائب صدر کملاکر ہیگڈے، دیانند ریکڑگی، جیشیل کلواڈے، ہریش گائیکواڑ، پروین فتح پور، ابراہم سوریاونشی، شیوراج، وشال ریکڑگی اور پرکاش ناگورے بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے