ظہیرآباد۔03/سپٹمبر(مشرقی آوازجدید): سید فرحان قادری بغدادی نے اپنا صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دکن کے علماء و مشائخین مرکزی میلاد کمیٹی حیدرآباد کی ہدایت کے مطابق ظہیرآباد میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر منعقد کیے جانے والے "میلاد جلوس "کو جاریہ سال بھی ملتوی کرتے ہوئے میلاد کمیٹی ظہیر آباد نے 14 سپٹمبر21 ربیع الاول بروز اتوار کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔12 ربیع الاول جو کہ 5 سپٹمبر کو ہے اور دوسرے ہی دن برادران وطن ہندو بھائیوں کے گنیش و سرجن تہوار کے سبب یہ فیصلہ نہ صرف شہر ظہیرآباد بلکہ شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے تمام مقامات پر سماج میں امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ریاست تلنگانہ کے وزیراعلی اور علماء و مشائخین کے ہمراہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بنجارہ ہلز حیدرآباد میں اہم اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ اہم فیصلہ لیا گیا ہے ۔سید فرحان قادری بغدادی نے تمام شہریان ظہیرآباد و بالخصوص نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ میلاد کمیٹی سے اشتراک و تعاون کریں اور انتہائی نظم و ضبط اور پرامن جلوس کو نکالنے کا اہتمام کریں۔ چونکہ حضور پاک کا 1500 سالہ جشن میلاد ہے، اس لیے میلاد کمیٹی یہ چاہتی ہے کہ اس جلوس میں نہ صرف شان و شوکت کا مظاہرہ ہو بلکہ حضور پاکؐ کی تعلیمات کے پیام کا بھی ظاہر ہو، خرافات اور بے ہنگم مظاہرے نہ ہوں۔۔۔۔
