گلبرگہ۔3 ؍ستمبر(محمدیوسف رحیم بیدری): گلبرگہ کے ممتاز اردو صحافی اور شاعر حامد اکمل کو ماویٰ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ احمد آباد گجرات و ثمر فاونڈیشن مالے گاوں مہاراشٹر کی جانب سے ان کی زائد از پچاس برس صحافتی خدمات کے اعتراف میں مناظر عاشق ہرگانوی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم حامد اکمل طبیعت کی ناسازی کے سبب گلبرگہ میں 31؍ اگست کو منعقدہ تقریب تفویض اعزازات میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔ آج 3؍ستمبر کو دوپہر دو بجے یہ ایوارڈ انھیں تفویض کیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف اردو قلم کار منظور وقار نے کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا حامد اکمل کا شمار گلبرگہ کے اولین صحافیوں میں ہوتا ہے۔ ان کا دفتر ادب و صحافت کا مرکز تھا، جہاں اردو کے قلم کار ادب و صحافت سے متعلق مباحث کیا کرتے تھے۔
مشہور ادیب اور رکن کرناٹک اردو اکادمی بنگلور ڈاکٹر انیس صدیقی نے بہ حیثیت مہمان خصوصی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا حامد اکمل نے گلبرگہ کے مختلف اردو اخبارات کی ادارت کی اور اداریہ نگاری اور کالم نویسی کو فروغ و توسیع عطا کی۔ان کی تحریریں صحافتی زبان کے تقاضوں پر پوری طرح اترتی ہیں۔ حامد اکمل گلبرگہ کی اردو صحافت کا روشن باب ہیں۔
حامد اکمل نے اپنی جوابی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر حافظ ولی احمد خان احمد آباد اور ڈاکٹر اشفاق عمر مالے گاوں مہاراشٹر اردو زبان و ادب کی قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے دونوں اصحاب کا ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی ایوارڈ کے لیے منتخب کیے جانے پر اظہار تشکر کیا۔کنوینر تقریب ڈاکٹر غضنفر اقبال نے تمام شریک تقریب کا شکریہ ادا کیا۔
اس تقریب میں الحاج مجیب علی خان، جلیل جنیدی اور شیخ شہباز احمد شریک تھے۔یہ بات ایک پریس نوٹ جاری کرکے بتائی گئی۔
2 thoughts on “گلبرگہ کے ممتاز اردو صحافی اور شاعرحامد اکمل کو ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی ادبی ایوارڈ تفویض”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے