بنگلور۔22ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): ادارۂ ادب اسلامی ہند، شاخ بنگلور کے زیر اہتمام نعتیہ محفل کا انعقاد بروز اتوار شام سات بجے بفٹ ہال، دارالسلام بلڈنگ، کوئنز روڈ میں نہایت وقار کے ساتھ ہوا۔محفل کی صدارت ریاست کے معروف نعت گو شاعر مبین منور نے فرمائی، جب کہ اکیسویں صدی کے نمائندہ شاعر ڈاکٹر ارشد جمال صارم مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ اسی کے ساتھ شہر کے ممتاز ادیب و شاعر منیر احمد جامی، فیاض قریشی اور مولانا زاہد مظہر ازہری مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے محفل کی رونق میں اضافہ کر رہے تھے۔محفل کا آغاز شفیق الزماں کی پرکیف تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے حاضرین کے دلوں کو منور کر دیا۔ بعد ازاں عبداللہ نادر عمری نے ادارے کی جانب سے سامعین و مہمانانِ کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔نعتیہ محفل میں شہر کے ممتاز شعراء کرام نے شرکت کی اور اپنے عقیدت مندانہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ نعت خوانی کرنے والوں میں منیر احمد جامی، مبین منور، غفران امجد، شفیق عابدی، ندیم فاروقی، اکرم اللہ بیگ اکرم، سلیم جاوید، زاہد مظہر ازہری، انور عزیز، ڈاکٹر ارشد جمال صارم، شیخ حبیب، عمران اسلم، اسد کرناٹکی، شفیق الزماں، مجاہد عمری، شیخ جواد، حیدر علی اور اطہر مبین شامل تھے۔محفل کی نظامت عبداللہ سلمان ریاض نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی، آخر میں عبداللہ نادر عمری نے کلماتِ تشکر پیش کرتے ہوئے تمام شعراء، مہمانانِ کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔یوں یہ نعتیہ محفل باذوق سامعین اور شعراء کرام کے لیے ایک یادگار اور روح پرور نشست ثابت ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے